چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا سیکٹر 11-جے میں سڑک کا افتتاح، اختیارات سے بڑھ کر عوامی خدمت جاری رکھنے کا عزم
حکومت سندھ کی جانب سے کوئی خاطر خواہ فنڈز فراہم نہیں کیے جا رہے، اس کے باوجود عوامی خدمت کا سفر جاری ہے۔چیئرمین محمد یوسف
کراچی : چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے نیو کراچی ٹاؤن سیکٹر 11-جے، یونین کونسل نمبر 11 میں نئی تعمیر ہونے والی سڑک کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں چیئرمین یونین کونسل نمبر(11) غضنفر علی خان، وائس چیئرمین یو سی 11 عمران شفیق، وائس چیئرمین یو سی 9 حنظلحہ انور قریشی، ڈائریکٹر انکروچمنٹ عبید الرحمن، ڈپٹی ڈائریکٹر انکروچمنٹ محمد صدیق، پبلک ریلیشن آفیسر نیو کراچی ٹاؤن عقیل اختر سمیت معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ ساڑھے تین سال قبل بلدیاتی انتخابات کے دوران عوام سے وعدہ کیا تھا کہ محدود اختیارات کے باوجود عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنے اختیار سے بڑھ کر کام کریں گے،آج ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اسی وعدے کی عملی تصویر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے تمام 32 سیکٹرز میں جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے بلاامتیاز ترقیاتی کاموں میں مصروف ہیں، جن میں سڑکوں کی تعمیر و کارپیٹنگ، پارکس کی بحالی، شجرکاری، تزئین و آرائش اور بلدیاتی اسکولوں میں بہتری کے منصوبے شامل ہیں۔چیئرمین محمد یوسف نے پانی و سیوریج اور صفائی کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ جیسے اداروں کو سندھ حکومت اربوں روپے کے فنڈز فراہم کر رہی ہے، لیکن شہری آج بھی بنیادی سہولیات کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے ان اداروں کے کام بھی انجام دے رہی ہے اور نیو کراچی ٹاؤن میں واٹر اینڈ سیوریج کے مسائل کے حل کے لیے تقریباً 30 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے کہا کہ عوام کو گھروں سے کچرا اُٹھانے کے لیے بھی مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ٹاؤن سطح پر ترقیاتی کاموں کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے کوئی خاطر خواہ فنڈز فراہم نہیں کیے جا رہے، اس کے باوجود عوامی خدمت کا سفر جاری ہے۔ سات ہزار روڈ (شفیق موڑ سے اللہ والی تک) کا ذکر کرتے ہوئے۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ اس اہم شاہراہ کی تعمیر کے لیے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو متعدد مرتبہ درخواستیں اور خطوط ارسال کیے گئے، لیکن گزشتہ ساڑھے تین سال میں اس سڑک کی تعمیر نہ ہو سکی۔
انہوں نے کہا کہ محسوس ہوتا ہے کہ یہ منصوبہ کراچی کی موجودہ انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ عوامی مسائل کا حل اور علاقے کی تعمیر و ترقی ہماری اولین ترجیح ہے۔