Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

کچرا اُٹھانے کے معاملے میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی کارکردگی تسلی بخش نہیں۔ چیئرمین محمد یوسف

علاقوں سے آلائشیں اور کچرا فوری طور پر اُٹھایا جارہا ہے تاکہ علاقوں میں تعفن اور آلودگی پیدا نہ ہو۔ وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر

0

کلکشن پوائنٹس کو کلیئر کرکے چونے کا چھڑکاؤ اور جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا جارہا ہے۔ چیئرمین محمد یوسف

کراچی : چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ عیدالاضحی کے تیسرے روز نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ۔ دورے کے دوران علاقوں میں جاری آلائش آپریشن کا معائنہ۔ انہوں نے عوامی درخواستوں پر علاقوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا خود معائنہ کیا۔ جہاں کہیں آلائشیں یا کچرا موجود پایا گیا وہاں فوری طور پر متعلقہ عملے کو ہدایات جاری کی گئیں۔

اس موقع پر چیئرمین محمد یوسف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ عوام کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے میدان میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں آلائشیں آپریشن بہتر رہاجس کی بڑی وجہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے یونین کمیٹی کے چیئرمینز و وائس چیئرمیزکی علاقوں میں موجود رہنا اور متعلقہ ادارے اور عملے کی مکمل نگرانی ہے، تاہم کچرا اُٹھانے کے معاملے میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا سالانہ بجٹ اربوں روپے پر مشتمل ہے، اس کے باوجود شہریوں کو مطلوبہ سہولیات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کو متعلقہ ادارے کے اخراجات اور کارکردگی کا آڈٹ کرانا چاہیے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوسکے۔ ہماری کوشش ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جائے اور عید کے موقع پر کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے بھی اس موقع پر صفائی پر مامور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ علاقوں سے آلائشیں اور کچرا فوری طور پر اُٹھایا جائے تاکہ علاقوں میں تعفن اور آلودگی پیدا نہ ہو۔علاقہ مکینوں نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن اور ان کی ٹیم کی جانب سے مسلسل نگرانی اور موقع پر موجودگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ صفائی کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف عید کے تینوں دن اپنی ٹیم کے ہمراہ بلا تعطل مختلف علاقوں میں جاری آپریشن کا معائنہ کرتے رہے اور وہاں موجود متعلقہ افسران و عملے کو ہدایات دیتے رہے یہی وجہ ہے کہ آج عید الاضحی کے تیسرے روز نیو کراچی ٹاؤن میں آلائشوں کو مکمل اُٹھا کر مقررہ مقام پر ٹھکانے لگا دیا گیا ہے۔

جبکہ کلکشن پوائنٹس اور کچرا کنڈیوں پر چونے کے چھڑکاؤ کے ساتھ جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی کیا جارہا ہے تاکہ عوام کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول کی فراہمی ممکن ہوسکے۔

Comments
Loading...