محکمہ بلدیات کے تحت جاری میگا منصوبوں کو اپنے مقررہ وقت میں ہر صورت پورا کیا جائے۔ محمد مبین جمانی
محکمہ بلدیات کے تحت جاری میگا منصوبوں کو اپنے مقررہ وقت میں ہر صورت پورا کیا جائے۔ محمد مبین جمانی
نگران صوبائی وزیر بلدیات محمد مبین جمانی کی زیر صدارت سوئپ، کراچی و اندرون سندھ میگا پروجیکٹ کے اجلاس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) نگران صوبائی وزیر بلدیات محمد مبین جمانی نے کہا ہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں محکمہ بلدیات کے تحت جاری میگا منصوبوں کو اپنے مقررہ وقت میں ہر صورت پورا کیا جائے۔ میگا منصوبوں کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی دینا ہے اس کے لئے ان منصوبوں پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سوئپ اپنے اسٹیڈی کے کام کو جلد مکمل کرے اور ساتھ ہی کچرے سے بجلی، کھاد بنانے اور دیگر کے حوالے سے جو کام کیا ہے اس کی رپورٹ مرتب کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سوئپ، کراچی و اندرون سندھ میگا پروجیکٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ڈی سوئپ زبیر احمد چنا، کراچی میگا پروجیکٹ کے پی ڈی صبیح الحسنین، پروجیکٹ مینیجر الیکٹریکل عباس علی شاہ اور اندرون سندھ میگا پروجیکٹ کے پی ڈی عبدالغنی شیخ نے نگران صوبائی وزیر بلدیات کو منصوبوں پر بریفنگ دی۔ ایم ڈی سوئپ نے بتایا کہ یہ ادارہ 2021 میں قائم ہوا اور اس کا مقصد سندھ سولڈ ویسٹ کے قیام سے اب تک تمام اسٹیڈیز کو کرکے اس کے لئے مکمل فزیبلٹی کو بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی سوئپ ورلڈ بینک کے اشتراک سے دیگر اضلاع کے لئے اسٹیڈی مکمل کررہا ہے۔ اس موقع پر نگران صوبائی وزیر بلدیات محمد مبین جمانی نے کہا کہ سوئپ اپنے اسٹیڈی کے کام کو جلد مکمل کرے اور ساتھ ہی کچرے سے بجلی، کھاد بنانے اور دیگر کے حوالے سے جو کام کیا ہے اس کی رپورٹ مرتب کرے۔
اس موقع پر انہوں نے ایم ڈی سوئپ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ سمیت ان تمام بورڈز سے سندھ سولڈ ویسٹ کو ان کے علاقوں سے کچرہ اٹھا کر لینڈ فل سائیڈ تک لے جانے کے لئے ہوئے معاہدے کے تحت وصولی کو یقینی بنایا جائے۔ بعد ازاں کراچی میگا پروجیکٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر صبیح الحسنین نے کراچی کے 25 میگا منصوبوں پر نگران صوبائی وزیر کو بریفنگ دی اور بتایا کہ کورنگی کازوے جو 4677 ملین کی لاگت سے تیار ہونا ہے اس کی مکمل اسٹیڈی کے بعد وہاں پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے اور ڈریلنگ کا پروسیس جارئ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 25 میں سے متعدد منصوبے مکمل جبکہ باقی مانندہ زیادہ تر منصوبے اس سال کے آخر اور بقیہ فروری 2024 تک مکمل کرلئے جائیں گے۔ انہوں بتایا کہ جوہر اوورہیڈ اور انڈر پاس کا کام مقررہ وقت سے قبل مکمل کرلیا گیا ہے اب اس کے اطراف کی سڑکوں پر کام جاری ہے جو آئندہ 2 ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سائٹ ایریا کی 27 سڑکوں کو 90 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے اسی طرح لیاری کی 3 میں سے 2 سڑکیں مکمل جبکہ تیسری سڑک پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔ اس موقع پر نگران صوبائی وزیر بلدیات محمد مبین جمانی نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں محکمہ بلدیات کے تحت جاری میگا منصوبوں کو اپنے مقررہ وقت میں ہر صورت پورا کیا جائے۔
انہوں نے ہدایات دی کہ جو منصوبے مکمل ہوگئے ہیں اور جاری ہیں ان کہ مکمل رپورٹ آئندہ چند روز میں پیش کی جائے تاکہ ان منصوبوں پر کام کا جائزہ لیا جاسکے۔ محمد مبین جمانی نے کہا کہ میگا منصوبوں کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی دینا ہے اس کے لئے ان منصوبوں پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اندرون سندھ کے میگا منصوبوں کے پروجیکٹ ڈائریکٹر عبدالغنی شیخ نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ اندرون سندھ میں حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میر پور خاص سمیت دیگر اضلاع کی سینکڑوں اسکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے اور جو بڑے منصوبے ہیں ان پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا گیا ہے۔
نگران صوبائی وزیر بلدیات محمد مبین جمانی نے کہا کہ کراچی کے 25 اور اندرون سندھ کے سینکڑوں میگا منصوبوں کی مکمل رپورٹ دی جائے اور جلد ہی ان منصوبوں پر جاری کام کا خود جائزہ لوں گا۔