Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

جعلی ڈومیسائل پر کی جانے والی غیر قانونی بھرتیوں پر ایم کیو ایم 2016ء سے مسلسل عدالتوں کے چکر کاٹ رہی ہے، خواجہ اظہار الحسن

مقامی افراد کو اُن کے جائز حق سے محروم کیا جانا مُلک دشمنی کے مترادف ہے، خواجہ اظہار الحسن

0

پورے پاکستان سے لوگوں نے آکر پیسوں اقربا پروری یا سیاسی وابستگی کی بنیاد پر سندھ کے کوٹے پر سرکاری نوکریاں حاصل کیں، خواجہ اظہار الحسن

کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنماء و رُکن قومی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کی سپریم کورٹ میں جعلی ڈومیسائل پر بھرتیوں کے خِلاف دائر درخواست کی سماعت کے موقع پر کراچی رجسٹری کے باہر ذرائع ابلاغ نمائندگان سے گُفتگو۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برس سے التواء کے شکار جعلی پی آر سی ڈومیسائل پر بوگس بھرتیوں کے خِلاف ایم کیو ایم کی جانب سے دائر درخواست کو سنوائی کا موقع دیئے جانے پر ہم اعلیٰ عدلیہ کے جج صاحبان کے شکر گزار ہیں۔

اِن خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنماء و رُکن قومی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہر ذرائع ابلاغ نمائندگان سے گُفتگو کرتے ہوئے کیا، اُن کا مزید کہنا تھا کہ جعلی ڈومیسائل پر کی جانے والی غیر قانونی بھرتیوں پر 2016ء سے ایم کیو ایم مسلسل عدالتوں کے چکر کاٹ رہی ہے تمام تر شواہد سامنے ہونے کے باوجود سابق چیف جسٹس صاحب کی مجرمانہ غفلت اور غیر سنجیدہ رویے نے اس کیس کو مزید طوالت دی جس کے بعد 2020ء میں ایک بار پھر نئے سرے سے ہمیں عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑا، یہ مسلئہ کسی ایک قوم یا زبان بولنے والے کا نہیں بلکہ صوبے میں بسنے والے اُن تمام افراد کا ہے جو اِس ناانصافی کی زد میں آرہے ہیں۔

پورے پاکستان سے لوگوں نے آکر پیسوں اقربا پروری یا سیاسی وابستگی کی بنیاد پر شہری سندھ کے کوٹے پر سرکاری نوکریاں حاصل کیں ہیں اور مقامی نوجوانوں کا حق مارا، خواجہ اظہار الحسن نے مزید کہا کہ شہری کوٹے پر کھلے عام دھاندلی کی جارہی ہے صوبے کے مختلف اضلاع کے جانبدار کمشنرز اس بھیڑ چال کا حصہ بن کر آئین پاکستان کی کھلم کھلا خِلاف ورزی کر رہے ہیں، مقامی افراد کو اُن کے جائز حق سے محروم کیا جانا مُلک دشمنی کے مترادف ہے ہمارے پاس 20 ہزار سے زائد جعلی ڈومیسائل اور پی آر سیز کے ناقابلِ تردید ثبوت موجود ہیں۔ جو ہم اگلی سنوائی پر عدالت میں پیش کریں گے۔

خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ہماری معزز عدلیہ سے اپیل ہے کہ شہری سندھ کے نوجوانوں کے ساتھ کوٹے میں ہونے والے استحصال کو فوری روکا جائے اور پی آر سی ڈومیسائل بنوانے کے مروجہ طریقہء کار پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے گھپلے کے امکانات ختم کیئے جاسکیں۔ اِس موقع پر حق پرست اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی حسان صابر، عبدالوسیم بھی اُن کے ہمراہ موجود تھے۔

Comments
Loading...