ضلع وسطی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف اہم پیش رفت، کمشنر کراچی کا نوٹس
ضلع وسطی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف اہم پیش رفت، کمشنر کراچی کا نوٹس
ضلع وسطی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف اہم پیش رفت، کمشنر کراچی کا نوٹس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ سینٹرل میں غیر قانونی پورشن کی تعمیرات جاری ہیں، جو سپریم کورٹ کے احکامات کی صریح خلاف ورزی اور زمین کے غیر قانونی استعمال کا واضح ثبوت ہیں۔ اس حوالے سے مقامی این جی او گلوبل فاؤنڈیشن کی جانب سے دی گئی درخواست پر کمشنر کراچی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سینٹرل سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
این جی او کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مختلف علاقوں میں بلڈرز کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات زور و شور سے جاری ہیں، جن سے نہ صرف علاقے کا انفراسٹرکچر متاثر ہو رہا ہے بلکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی مشکل ہو گئی ہے۔ کمشنر کراچی نے معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سینٹرل کو غیر قانونی تعمیرات کے ذمہ داروں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
اس کے ساتھ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسے عناصر کی نشاندہی کریں جو زمین کے غلط استعمال میں ملوث ہیں۔ این جی او گلوبل فاؤنڈیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے واضح احکامات کے باوجود غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری رہنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
شہریوں اور مقامی تنظیموں نے کمشنر کراچی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ذمہ دار بلڈرز اور افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ شہر میں قانون کی بالادستی قائم ہو سکے۔
