نئی تعمیر ہونی والی تجاوزات کو فوری طور پر ختم کیا جائے گا۔میونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ
میونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ کااسسٹنٹ کمشنر نیو کراچی محمد ارسلان کے ہمراہ صبا چورنگی تا سات نمبر اسٹاپ نیو کراچی کا دورہ۔
نیو کراچی ٹاؤن میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی تیاریاں مکمل۔
کراچی: میو نسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن ایاز حمید اللہ بلوچ کا نیو کراچی سات نمبر اسٹاپ تا صبا چورنگی کا دورہ۔نئی تعمیر کی جانے والی تجاوزات کو فوری ختم کرنے کے احکامات۔ اس موقع پر ایکسی این بی اینڈ آر نیو کراچی ٹاؤن محمد اشفاق و دیگر افسران بھی موجود تھے۔
میونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ نے تجاوزات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں کسی بھی صورت تجاوزات کو پنپنے نہیں دیا جائے اورتجاوزات کو فوری مسمار کیا جائے۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات شہر کی خوبصورتی پر بد نما داغ ہیں جس سے شہر کی خوبصورتی ماند پڑھ جاتی ہے،انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں برساتی نالوں پر بھی تجاوزات قائم ہیں۔ جس کی وجہ سے صفائی ستھرائی کے عمل میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے اور نکاسی آب کے مسائل ہوتے ہیں کیونکہ برساتی نالوں پر قائم تجاوزات کی وجہ سے مشینری اپنا کام سہی طور پر نہیں کر پاتی ہے اور تجاوزات قائم کرنے والے افراد اپنے گھروں اور کاروباری کچرے کو برساتی نالوں میں ڈالتے ہیں۔ جس سے برساتی نالے چوک ہوجاتے ہیں اور برسات کے دوران نکاسی کے عمل میں پریشانی اُٹھانی پڑھتی ہے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرنیو کراچی محمد ارسلان نے کہا کہ تجاوزات عوامی مسائل میں اضافہ کرتے ہیں جسے ختم کرنا وقت کی ضرورت ہے،اہلیان نیو کراچی ٹاؤن کی شکایات پر ان تجاوزات کے خلاف آپریشن جلد کیا جائے گا جس کے لئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے اور تجاوزات قائم کرنے والے مافیا کے خلاف سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا تاکہ یہ مافیا آئندہ کسی بھی جگہ تجاوزات قائم نا کرسکیں۔