پارک میں مرمت طلب کاموں کا معائنہ،پارک کی بحالی کے احکامات جاری۔
عوامی سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے پارکوں کی تزین و آرائش کے کام جلد مکمل کئے جائیں۔چیئر مین محمد یوسف
فاروقیہ پارک میں عوامی شکایات پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کا ہنگامی دورہ۔
کراچی : چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے عوامی شکایات کے پیش نظر سیکٹر الیون ایل نارتھ کراچی میں واقع فاروقیہ پارک کا ہنگامی دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین یو سی 11 غضنفر علی خان، وائس چیئرمین عمران شفیق،یوسی فائیو کے وائس چیئرمین توقیر خان اور ڈائریکٹرپارکس آفتاب احمد بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران چیئرمین محمد یوسف نے پارک میں صفائی ستھرائی، لائٹس کی خرابی، بیٹھنے کی جگہوں کی ٹوٹ پھوٹ اور جھولوں کی حالت زار کا جائزہ لیا۔ اہلیان سیکٹر 11-ایل نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف سے شکایات کی تھیں کہ فاروقیہ پارک کی حالت عرصہ دراز سے خراب ہے، جبکہ بچوں کے کھیلنے کے جھولے بھی ٹوٹے ہوئے ہیں اور شام کے اوقات میں روشنی کا مناسب انتظام نہیں۔
چیئرمین محمد یوسف نے موقع پر موجود ڈائریکٹر پارکس آفتاب احمد کو ہدایت دی کہ پارک کی فوری تزئین و آرائش، جھولوں کی مرمت، روشنی کا بہتر انتظام اور صفائی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تفریحی مقامات شہریوں کا حق ہیں اور ان کی دیکھ بھال اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں موجود تمام پارکس کا مرحلہ وار جائزہ لیا جائے گا اور جہاں کہیں شکایات آئیں، فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
علاقہ مکینوں نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کی جانب سے فوری ایکشن لینے پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان کے عوام دوست رویے کو سراہا۔