آئی سی ایم اے پاکستان کے فیوچر آف فنانس سمٹ 2026 میں مالیاتی جدت، اصلاحاتی عمل اور پائیدار ترقی پر زور
کراچی: انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی سی ایم اے پاکستان) نے فیوچر آف فنانس سمٹ 2026 – کراچی ایڈیشن کا کامیابی سے انعقاد پرل کانٹی نینٹل ہوٹل، کراچی میں کیا۔ سمٹ کا موضوع “مالیاتی شعبے میں جدت اور پائیدار قدر کی تخلیق” تھا۔
سمٹ میں پالیسی سازوں، ریگولیٹرز، مالیاتی شعبے کے رہنماؤں، کارپوریٹ ایگزیکٹوز، سرمایہ کاروں، پیشہ ور اکاؤنٹنٹس اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی اور پاکستان کے بدلتے ہوئے مالیاتی منظرنامے اور مستقبل کی اقتصادی سمت پر تبادلہ خیال کیا۔
سمٹ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر آئی سی ایم اے پاکستان، جناب عظیم حسین صدیقی نے ادارے کی تاریخ اور تنظیمی سفر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مینجمنٹ اکاؤنٹنگ کے شعبے کے فروغ، مالیاتی نظم و نسق، گورننس، پیشہ ورانہ استعداد اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں آئی سی ایم اے پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔
نائب صدر آئی سی ایم اے پاکستان اور چیئرمین ایونٹس آرگنائزنگ کمیٹی، جناب محمد یاسین نے کانفرنس کا جامع تعارف پیش کیا اور اس کے مقاصد، ساخت اور اہم موضوعات پر روشنی ڈالی، جن میں کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی، مالیاتی شمولیت، صارفین کا اعتماد، اسلامی مالیات اور پائیدار قدر کی تخلیق شامل تھے۔
سمٹ میں متعدد ممتاز شخصیات اور مہمانانِ اعزاز نے شرکت کی، جن میں جناب احمر الٰہی، ڈپٹی آڈیٹر جنرل (پالیسی)، دفتر آڈیٹر جنرل آف پاکستان؛ جناب اشفاق یوسف ٹولا، مشیر اور سابق صدر، ساؤتھ ایشین فیڈریشن آف اکاؤنٹنٹس (ایس اے ایف اے)، اور سابق وزیر مملکت پاکستان؛ جناب فرخ ایچ سبزواری، سی ای او و منیجنگ ڈائریکٹر، پاکستان اسٹاک ایکسچینج؛ جناب کبیر نقوی، انٹرپرینیور اِن ریزیڈنس، اے بی ایچ آئی؛ جناب غلام مصطفیٰ قاضی، چیئرمین ٹی ایس پی ڈی کمیٹی، آئی سی ایم اے پاکستان؛ اور جناب حکیم علی جتوئی، چیئرمین کراچی برانچ کونسل، آئی سی ایم اے پاکستان شامل تھے۔
مہمانِ اعزاز کی حیثیت سے سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ کے مشیر، جناب خرم شہزاد نے کہا کہ پاکستان میکرو اکنامک استحکام کے مرحلے سے آگے بڑھتے ہوئے زیادہ پائیدار اور نجی شعبے کی قیادت میں ترقی کی جانب گامزن ہے، جسے ساختی اصلاحات، سرمایہ کاروں کے بہتر ہوتے اعتماد اور مضبوط اقتصادی بنیادوں کی حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے اقتصادی شرحِ نمو، مالیاتی اور بیرونی شعبے کے استحکام، زرمبادلہ کے ذخائر اور پاکستان کے خودمختار کریڈٹ آؤٹ لک میں بہتری کو اجاگر کیا۔ انہوں نے نجکاری اور سرکاری اداروں، توانائی، ٹیکس نظام، سرکاری قرضوں کے انتظام، پنشن، ڈیجیٹائزیشن اور مالیاتی سہولیات تک رسائی سے متعلق جاری اصلاحات کا بھی ذکر کیا۔
جناب خرم شہزاد نے نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی، کیپیٹل مارکیٹ کی سرگرمیوں، نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن اور سرمایہ کاروں کی شرکت میں حوصلہ افزا رجحانات کی نشاندہی کی، جبکہ پاکستان میں نجکاری اور سرمایہ کاری کے مواقع میں مقامی اور بین الاقوامی دلچسپی میں اضافے کو بھی نمایاں کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی سمت صنعت، برآمدکنندگان، ایس ایم ایز، زراعت اور دیگر پیداواری شعبوں کی معاونت، کاروباری لاگت میں کمی اور مالیاتی وسائل تک بہتر رسائی پر تیزی سے مرکوز ہے۔ انہوں نے پاکستان کے سرمایہ کاری کے منظرنامے کو وسعت دینے میں صکوک اور اسلامی مالیات کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی مستقبل کی ترقیاتی حکمت عملی میں میکرو اکنامک استحکام بنیاد، ساختی اصلاحات محرک اور نجی شعبہ پائیدار ترقی کا انجن ہے۔
سمٹ میں اہم مالیاتی اور ریگولیٹری اداروں کی نمائندگی کرنے والے ممتاز مقررین اور پینلسٹس نے بھی شرکت کی۔ مختلف سیشنز میں اس امر کا جائزہ لیا گیا کہ مالیاتی جدت، ڈیجیٹل تبدیلی، مؤثر گورننس، مالیاتی شمولیت، سرمایہ کاروں کا اعتماد اور اسلامی مالیات کس طرح پاکستان میں ایک زیادہ مضبوط، قابلِ اعتماد اور پائیدار مالیاتی نظام کے قیام میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
سمٹ نے پالیسی سازوں، ریگولیٹرز، صنعتی رہنماؤں اور پیشہ ور افراد کے درمیان تعمیری مکالمے کو فروغ دینے، پالیسی سازی میں معاونت، پیشہ ورانہ معیار کو بہتر بنانے اور پاکستان میں پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے آئی سی ایم اے پاکستان کے عزم کی تجدید کی۔