Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

گلشنِ اقبال میں ریڈ لائن بی آر ٹی کے زیرِ تعمیر پل کا اسٹرکچر گرنا اور سیکیورٹی گارڈ کی شہادت سندھ حکومت کی مجرمانہ غفلت اور بدعنوانی کا نتیجہ ہے۔ ترجمان ایم کیو ایم

​چند روز قبل محض نمائش اور سستی شہرت کے لیے فلائی اوور کا ایک پیچ کھولنے والوں کا اصلی اور مکروہ چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ ترجمان متحدہ

0

​ناقص میٹریل، کمیشن مافیا اور کرپشن کی وجہ سے زیرِ تعمیر پل کا زمین بوس ہونا محض حادثہ نہیں بلکہ کھُلا قتلِ عمد ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے گلشنِ اقبال بیت المکرم مسجد کے قریب ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کے تحت زیرِ تعمیر پل کا اسٹرکچر گرنے اور ملبے تلے دب کر ڈیوٹی پر مامور سیکیورٹی گارڈ کی المناک ہلاکت پر گہرے دکھ اور شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دلخراش واقعہ سندھ حکومت کی بدترین نااہلی، کرپشن اور انتظامی بدحالی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ابھی چند روز قبل ہی اسی منصوبے کے ایک چھوٹے سے پیچ اور فلائی اوور کا بڑے طمطراق کے ساتھ فیتا کاٹ کر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ اور سستی شہرت حاصل کی گئی تھی لیکن آج اسی پل کے زیرِ تعمیر اسٹرکچر کے دھڑام سے گرنے نے حکمرانوں کے تمام جھوٹے دعووں کا پول کھول کر رکھ دیا ہے.

ترجمان ایم کیو ایم نے سخت الفاظ میں کہا کہ یہ کوئی معمولی دیوار گرنے کا واقعہ نہیں بلکہ ٹنوں وزنی کنکریٹ اور لوہے کا شاہکار زمین بوس ہوا ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں گھٹیا میٹریل استعمال کیا جا رہا ہے اور عوامی پیسہ کمیشن مافیا کی جیبوں میں جا رہا ہے، اگر ریسکیو آپریشن کے وقت عام شاہراہ پر شہریوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی تو خداناخواستہ کتنا بڑا جانی نقصان ہو سکتا تھا اس کا اندازہ لگانا بھی مشکل ہے.

ایم کیو ایم پاکستان شہید گارڈ کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ کے کرپٹ ٹھیکیداروں، متعلقہ انجینئرز اور صوبائی حکام کے خلاف فوری طور پر قتلِ عمد کے تحت مقدمہ درج کیا جائے اور اس پورے منصوبے کی شفاف و اعلیٰ سطحی تحقیقات کرا کے کراچی کے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

Comments
Loading...