سیف الدین ایڈوکیٹ اور چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کا امام بارگاہوں کا دورہ، محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ
کراچی: قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ نے چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کے ہمراہ گلبرگ ٹاؤن میں واقع مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج، میونسپل کمشنر خالد حسین جتوئی، وائس چیئرمین محمد الیاس، یوسی چیئرمینز، وائس چیئرمینز اور متعلقہ اداروں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
وفد نے محرم الحرام کے سلسلے میں جاری انتظامات،سڑکوں کی استرکاری و پیور بلاک سے تعمیر، صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس، نکاسی آب اور دیگر بلدیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران المحسن امام بارگاہ اور خیرالعمل امام بارگاہ کے منتظمین اور ٹرسٹیوں سے ملاقات بھی کی گئی، جنہوں نے محرم الحرام کے دوران ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے کاموں کی تعریف کی ۔
قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام ادارے اور عوام اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔گلبرگ ٹاؤن سمیت کراچی کے جماعت اسلامی کے 9ٹاونز میں بھی عزاداران کو سہولتیں فراھم کی جارھی ھیں ۔محرم الحرام میں جلسوں کی گذرگاہوں پر بلدیاتی انتظامات کرانے پر چیرمین گلبرگ ٹاؤن مبارکباد کے مستحق ھیں ۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی قیادت عزاداران کو سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے حل کے لیے ہر وقت میدان میں موجود ہے۔
اس موقع پر چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداران کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اور مجالس و جلوسوں کے راستوں پر بہترین بلدیاتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔