علاقہ مکین عرصہ دراز سے سیوریج کے بد ترین مسائل کی وجہ سے شدید اذیت کا سامنا کررہے ہیں۔ چیئرمین محمد یوسف
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ نارتھ کراچی سیکٹر 5بی-3 میں جاری صفائی ستھرائی کا جائزہ۔
واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی مجرمانہ غفلت اور عدم توجہی کے باعث عوام کو تکلیف اٹھانی پڑ رہی ہے۔ چیئرمین محمد یوسف
کراچی : چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف اور وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے(فائیو بی تھری) نارتھ کراچی کا مسلسل دوسرے روز بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے علاقے میں سیوریج کے پانی کی نکاسی۔ مین ہول، برساتی نالے کی صفائی کے کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔چیئرمین محمد یوسف کا کہنا تھا کہ سیکٹر 5-B-3 کا علاقہ گزشتہ کئی برسوں سے سیوریج کے بدترین مسائل کا شکار ہے۔
سڑکوں پر گندا پانی جمع ہونے کے باعث نہ صرف عوام کو شدید اذیت کا سامنا ہے بلکہ ٹرانسپورٹ اور پیدل گزرنے والوں کے لیے بھی مشکلات پیدا ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پورے سیکٹر کا خود دورہ کر چکا ہوں، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہاں برساتی نالے اور سڑکیں مکمل طور پر تباہ حال ہیں۔
سیوریج کے پانی کی نکاسی کی ذمہ داری دراصل واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ہے لیکن ان کی مجرمانہ غفلت اور عدم توجہی کے باعث عوام کو تکلیف اٹھانی پڑ رہی ہے۔ واٹربورڈ بارہا توجہ دلانے کے باوجود سنجیدگی نہیں دکھا رہا، لہٰذا عوامی سہولت کے پیش نظر ہم ٹاؤن کے فنڈز سے یہ کام کروا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
چیئرمین محمد یوسف نے بتایا کہ دو سے تین روز کے اندر پورے سیکٹر کی صفائی مکمل کرکے سیوریج کے پانی کی نکاسی یقینی بنائی جائے گی۔چیئرمین محمد یوسف نے علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماہ ستمبر سے فائیو بی تھری میں پیور بلاک کی تنصیب سے گلیو ں کو پختہ کرنے اور سڑکوں کی تعمیر کا کام بھی شروع کیا جائے گا، انشاء اللہ یہ علاقہ بھی نیو کراچی ٹاؤن کے دوسرے ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لا کر عوام کو بہتر شہری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
اس موقع پروائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے کہا کہ شہری مسائل کے فوری حل اور ترقیاتی کاموں میں شفافیت ہماری اولین ترجیح ہے۔ فائف بی تھری کے مکینوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی اور آئندہ بھی تمام علاقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
شعیب بن ظہیر نے بتایا کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی غیر ذمہ داری کی وجہ سے علاقے کے سیورئج ڈسپوزل فور اسٹار سے متصل برساتی نالے میں ہے جو چوک ہوگیا ہے جلد ٹاؤن انتظامیہ اس چوکنگ پوائنٹ کو کلیئر کردے گی اور مزکورہ علاقے سے سیوریج کے پانی کی نکاسی شروع ہوجائے گی۔علاقہ مکینوں نے چیئرمین محمد یوسف اور وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کی کاوشوں کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔