سندھ حکومت نے ہولی ویک اور ایسٹر کے دوران امتحانات منعقد کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
صوبائی وزیرجامعات محمد اسماعیل راہو نے مزید ہدایت کی کہ جن تعلیمی بورڈز نے پہلے سے ٹائم ٹیبل جاری کر رکھا ہے وہ فوری طور پر ضروری ترامیم کر کے نیا شیڈول جاری کریں۔
سندھ حکومت نے ہولی ویک اور ایسٹر کے دوران امتحانات منعقد کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے ہولی ویک اور ایسٹر کے دوران امتحانات منعقد کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ مسیحی برادری کے مقدس ایام کے پیشِ نظر صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ 2 تا 6 اپریل 2026 تک کوئی بھی امتحان شیڈول نہ کیا جائے۔
صوبائی وزیرجامعات محمد اسماعیل راہو کے مطابق یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر سینٹ پیٹرک ہائی اسکول کراچی کے پرنسپل، ریورنڈ فادر ماریو اے روڈریگز کی درخواست کے بعد کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے مسیحی برادری کے مذہبی جذبات کے احترام میں امتحانات کی تاریخیں تبدیل کرنے کا حکم دیا تھا۔
وزیر جامعات اسماعیل راہو نے واضح کیا کہ جمعرات 2 اپریل سے 6 اپریل 2026 تک کوئی پرچہ نہیں لیا جائے گا، جبکہ تمام ملتوی شدہ یا نئے امتحانات 7 اپریل 2026 بروز منگل سے دوبارہ شروع ہوں گے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ جن تعلیمی بورڈز نے پہلے سے ٹائم ٹیبل جاری کر رکھا ہے وہ فوری طور پر ضروری ترامیم کر کے نیا شیڈول جاری کریں۔ تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنا کر تعمیلی رپورٹ محکمہ کو ارسال کریں تاکہ وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کو آگاہ کیا جا سکے۔
وزیر جامعات کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کا مقصد صوبے میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا اور اقلیتی طلبہ و اساتذہ کو مذہبی تہواروں کے دوران سہولت فراہم کرنا ہے۔