Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

ہم کالے انگریزوں سے ضرور آزادی حاصل کریں گے۔ سید مصطفی کمال

تین شہیدوں نے اپنے لہو سے روشنی کے چراغ جلا دئیے ہیں جب ایک عام آدمی ایک عام مزدور ایوانوں میں پہنچے گا تو تبدیلی ضرور آئیگی۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

0

ہم کالے انگریزوں سے ضرور آزادی حاصل کریں گے۔ سید مصطفی کمال

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ لسانی بنیادوں پر بنے والے ضلع کیماڑی میں ایم کیو ایم نے آج پاوور شو کیا ہے کراچی شہر کو تقسیم کرکے آگ و خون میں نہلایا گیا سندھ کے حکمرانوں کی خواہش تھی کہ لسانی بنیادوں پر کراچی کو تقسیم کرکے وہ اپنے ایجنڈے پر چلائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ماڑی پور کیماڑی میں ایم کیو ایم کے انتخابی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال و اراکین رابطہ کمیٹی و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پانی اور گیس نہ صرف اس علاقے میں نہیں ہے بلکہ پورے کراچی میں نہیں ہے اب تاقیامت نبی نہیں آئیں گے اب آپ کو اپنی قسمت خود بدلنی ہے.انہوں نے کہا کہ اس علاقے کے تین شہیدوں نے اپنے لہو سے روشنی کے چراغ جلا دئیے ہیں جب ایک عام آدمی ایک عام مزدور ایوانوں میں پہنچے گا تو تبدیلی ضرور آئیگی اب جاگیردارانہ جمہوریت کا وقت ختم ہورہا ہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ اب ایک عام آدمی کی جمہوریت ایک شراکتی اور شمولیتی جمہوریت کے دور کا آغاز ہورہا ہے،سابقہ متعصب حکمران ناکام ہوگئے کراچی جب کھڑا ہوتا ہے تو تخت و تاج گر جایا کرتے ہیں۔سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفٰی کمال نے کہا کہ کیماڑی ڈسٹرکٹ لسانی تعصب کی بنیاد پر سابقہ سندھ حکومت نے بنایا انکا خیال تھا کہ لسانی زنجیر باندھ کر وہ ایم کیو ایم کو روک سکتے ہیں، مچھر کالونی کیماڑی کے لوگوں کو گزشتہ پندرہ برس سے نوکریاں نہیں ملیں تو کراچی حیدرآباد کے کسی نوجوان کو بھی نوکری نہیں دی گئی،جعلی ڈومیسائل بنا کر ہماری نوکریاں بیچ دی گئیں،پیپلزپارٹی نے نہ صرف کراچی نہیں بلکہ پورے سندھ کو مچھر کالونی کیماڑی بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مبارک ولیج کیماڑی میں ایم کیوایم نے وہاں پانی پہنچایا اور سڑک بنائی وہاں کے نوجوانوں کو نوکریاں دیں،ہمارے اس علاقے کے تین ساتھیوں کو پچھلے دنوں پیپلزپارٹی کے غنڈوں نے شہید کر دیا، ہمارے ساتھیوں کو ان ہی لوگوں نے شہید کیا جو یہاں کا پانی بیچنا چاہتے ہیں، تینوں شہداء کے قاتلوں کے سر پرست وہی ہیں جو یہاں اسمگلنگ اور منشیات کا کاروبار کرتے ہیں، اس علاقے سے ووٹ کے ذریعے پیپلزپارٹی کو آؤٹ کرنا ہے،یہ سیاست نہیں بلکہ ظالم اور مظلوم کی لڑائی ہےاگر یہاں کہ عوام نے تھوڑی سی بھی سستی دکھائی تو پیپلزپارٹی ان قاتلوں کو پھولوں کے ہار پہناکر لائے گی،آج پاکستان بنانے والوں کی اولادیں ایک ہوگئی ہیں ہم کالے انگریزوں سے ضرور آزادی حاصل کریں گے،آٹھ فروری کو پتنگ کو ووٹ ڈالنا ہے۔

پیپلزپارٹی لسانی بنیادوں پر جتنے ڈسٹرکٹ بنائیگی ہم وہاں کے لوگوں کی مدد سے پیپلزپارٹی کا بوریا بستر گول کر دیں گے، اس موقع پر ایم کیو ایم کے ہمایوں عثمان، امیدوار برائے حلقہ قومی اسمبلی کیماڑی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ساتواں ڈسٹرکٹ سابق حکمرانوں نے اپنی اسمگلنگ کرنے کیلئے بنایا،سابق حکمرانوں نے یہاں جوئے اور منشیات کے اڈوں کی حوصلہ افزائی کی۔

Comments
Loading...