وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 15 تا 21 دسمبر تک جاری رہنے والی انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا
انسدادِ پولیو مہم کے دوراں سندھ کے ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ سید مراد علی شاہ
کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 15 تا 21 دسمبر تک جاری رہنے والی انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سی ایم ایس اسکول، یو سی اولڈ حاجی کیمپ میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم کے دوراں سندھ کے ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ صوبے کے 30 اضلاع کے 1345 یونین کونسلز میں پولیو مہم چلائی جار رہی ہے۔ انسداد پولیو مہم کے لیے 80 ہزار سے زائد فرنٹ لائن ورکرز تعینات کئے ہیں۔ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کے لیے 21 ہزار سے زائد اہلکار تعینات، 400 لیڈی پولیس کانسٹیبلز بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سندھ میں پولیو وائرس کی بروقت نشاندہی کے لیے مضبوط نگرانی کا نظام موجود ہے۔ حالیہ سال صوبے کے 6 اضلاع میں پولیو کیسز رپورٹ ہوئے۔ پولیو کے موجودہ کیس کی نشاندہی اگست 2025 میں ضلع بدین میں ہوئی۔ ماحولیاتی نگرانی کے ذریعے پولیو وائرس کی بروقت نشاندہی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فرنٹ لائن پولیو ورکرز قوم کے ہیرو ہیں۔ پولیو کے خاتمے کے لیے میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔
بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں، وزیراعلیٰ سندھ کی والدین سے اپیل۔