Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

صوبائی وزیرِ تعلیم سید سردار علی شاہ کی صدارت میں عوامی مسائل کے حل کے لیے جمخانہ کلب مکلی میں کھلی کچہری منعقد ہوئی۔

کھلی کچہری کا مقصد عوام کے مسائل روبرو سن کر ان کے فوری حل کے لیے اقدامات کرنا ہے۔ سید سردار علی شاہ

0

ٹھٹھہ: صوبائی وزیرِ تعلیم سید سردار علی شاہ کی صدارت میں عوامی مسائل کے حل کے لیے جمخانہ کلب مکلی میں کھلی کچہری منعقد ہوئی۔

کھلی کچہری میں ضلع ٹھٹھہ کے عوام کی جانب سے نو بھرتی شدہ اساتذہ کی تنخواہوں، حقوق کے ریکارڈ، ونڈ ملز کی جانب سے سی ایس آر فنڈز، اساتذہ کی کمی، اسکولی عمارتوں کی خستہ حالی، حیدرآباد–ٹھٹھہ اور ٹھٹھہ–سجاول ڈبل روڈ کی تعمیر، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی مبینہ بے ضابطگیوں، پانی کی وارا بندی، ناجائز قبضوں سمیت تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق مسائل پیش کیے گئے۔

کھلی کچہری میں صوبائی وزیر سید ریاض حسین شاہ شیرازی،ضلعی پاکستان پیپلز پارٹی ایم این اے صادق علی میمن، ایم پی اے رخسانہ شاہ، چیئرمین ضلع کونسل عبدالحمید پنہور، وائس چیئرمین ممتاز علی جلبانی، ضلعی جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی امتیاز علی قریشی، ضلعی اطلاعات سیکریٹری سید محمود عالم شاہ، پیپلز پارٹی تعلقہ صدر عبدالحمید سومرو، پارٹی رہنما پیر غلام رحمانی، سید تنویر شاہ شیرازی، سیکریٹری تعلیم، ڈپٹی کمشنر منور عباس سومرو، ایس ایس پی فاروق احمد بجارانی سمیت مختلف محکموں کے افسران، پارٹی رہنما، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی-

کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ تعلیم سید سردار علی شاہ نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کے مسائل روبرو سن کر ان کے فوری حل کے لیے اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ سندھ کی تاریخ کا ایک اہم اور ناقابلِ فراموش باب ہے، جو ماضی میں سندھ کا دارالحکومت بھی رہا ہے۔

یہاں کھلی کچہری کے انعقاد پر انہیں بے حد خوشی ہے اور ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار فراہم کیا جائے اور بند اسکولوں کو فعال بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم اپنے اسکولوں کی خود ذمہ داری نہیں لیں گے، بہتری ممکن نہیں اپنے گاؤں کا مالک خود بننا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے خادم ہیں، اگر ہم وزارتوں پر فائز ہیں تو خود کو حاکم نہیں بلکہ عوام کا نوکر سمجھیں۔ شکایت کرنا عوام کا حق ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے عوام کے مسائل سن کر ان کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسائل صرف آپ کے نہیں بلکہ ہمارے اپنے مسائل ہیں اور انہیں حل کرنا پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ تمام پیش کردہ مسائل نوٹ کر لیے گئے ہیں اور انہیں جلد حل کیا جائے گا۔ اس سے قبل کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی ضلعی صدر و ایم این اے صادق علی میمن نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا سلسلہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ شہید بینظیر بھٹو کے دور سے جاری ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، اور اسی سوچ کو عملی جامہ پہنانے کے لیے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر سندھ کے ہر ضلع میں کھلی کچہریوں کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ منتخب نمائندوں کو عوام کے روبرو لا کر مسائل کا فوری حل ممکن بنایا جا سکے۔

Comments
Loading...