Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

ڈھائی کروڑ بچوں کا اسکولوں سے باہر ہونا قومی المیہ ہے، ملک گیر تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی جائے۔ چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان

کراچی پاکستان کا معاشی انجن ہے، اس شہر کی تعمیر و ترقی سے ہی پورے ملک کی تقدیر بدلے گی، وفاقی وزیر تعلیم

0

نئی نسل کو انٹرنیٹ کے بجائے کتاب اور شعور کی طرف لوٹنا ہوگا۔ وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین و وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری عالمی کتب میلے کا دورہ کیا اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت ایک سنگین تعلیمی بحران کی زد میں ہے اور ڈھائی کروڑ سے زائد بچوں کا اسکولوں سے باہر ہونا ایک ایسا قومی المیہ ہے جس پر مزید خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی، وقت آگیا ہے کہ ملک بھر میں فی الفور تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی جائے تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنا سکیں، نئی نسل کو انٹرنیٹ کے سحر سے نکل کر دوبارہ کتاب اور شعور کی طرف لوٹنا ہوگا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ کراچی نہ صرف پاکستان کا معاشی انجن ہے بلکہ علم و ادب کا گہوارہ بھی ہے، اس شہر کی تعمیر و ترقی درحقیقت پورے پاکستان کی ترقی ہے اور ہم اس شہر کے نوجوانوں کو جدید آئی ٹی اور ڈیجیٹل اسکلز سے لیس کرنے کے لیے وفاقی سطح پر بڑے منصوبے شروع کر رہے ہیں۔

صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی استحکام کے بغیر کوئی بھی تعلیمی یا معاشی اصلاحات بارآور ثابت نہیں ہو سکتیں، ہمیں انتشار کی سیاست کو چھوڑ کر قومی یکجہتی کا راستہ اختیار کرنا ہوگا، کتب میلے میں عوام کی بھرپور شرکت اس بات کی دلیل ہے کہ کراچی آج بھی کتاب اور علم سے جڑا ہوا ہے اور یہی وہ شعور ہے جو ملک کو تاریکی سے نکال کر روشنی کی طرف لے جائے گا۔ اس موقع پر اراکینِ مرکزی کمیٹی ایم کیو ایم پاکستان اور حق پرست اپوزیشن لیڈر برائے سندھ اسمبلی علی خورشیدی،ارکانِ پارلیمنٹ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

Comments
Loading...