اکتوبر27 یومِ سیاہ کے موقع پر چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کی سربراہی میں احتجاجی ریلی کا انعقاد
کراچی: 27 اکتوبر یومِ سیاہ اور مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کی سربراہی میں احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں میونسپل کمشنر حمیر احمد، سابق ٹاؤن ناظم فاروق نعمت اللہ، تمام محکموں کے سربراہان (ایچ او ڈیز) اور ٹاؤن کے ملازمین نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بھارتی قبضے اور کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کے خلاف احتجاج کیا۔ شرکاء نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔
اس موقع پر چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ 27 اکتوبر کشمیری عوام کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جب 1947 میں بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں داخل ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستانی قوم ہر مشکل گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
میونسپل کمشنر گلبرگ ٹاؤن حمیر احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ 27 اکتوبر یومِ سیاہ ہمیں مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں اور ان پر گزرنے والے مظالم کی یاد دلاتا ہے۔ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حقوق، آزادی اور حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، جس میں ان کی استقامت اور قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ انسانی حقوق اور حقِ خودارادیت کا اہم معاملہ ہے۔ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتِ حال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے مؤثر اقدامات کریں، تاکہ کشمیری عوام کو ان کا جائز حق مل سکے۔
حمیر احمد نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی اور ان کے جائز مطالبات کی حمایت کرنا ہم سب کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ گلبرگ ٹاؤن کے افسران اور ملازمین بھی اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے پیغام کو اجاگر کرنے اور ان کی آواز دنیا تک پہنچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانی چاہئیں اور مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
اس موقع پر سابق ٹاؤن ناظم فاروق نعمت اللہ سمیت دیگر افسران اور ملازمین نے بھی کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔ ریلی کے اختتام پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔