اس وقت فلسطین کے مظلوم عوام کو ہماری مدد کی اشد ضرورت ہے۔ محمد مبین جمانی
پاکستان اس خطے کا واحد ملک ہے جو ہمیشہ اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہتا ہے۔
اس وقت فلسطین کے مظلوم عوام کو ہماری مدد کی اشد ضرورت ہے۔ محمد مبین جمانی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) نگران صوبائی وزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ و بحالیات سندھ محمد مبین جمانی نے کہا ہے کہ اس وقت فلسطین کے مظلوم عوام کو ہماری مدد کی اشد ضرورت ہے اور پاکستان اس خطے کا واحد ملک ہے جو ہمیشہ اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہتا ہے۔
جے ڈی سی کی جانب سے فلسطین کے مظلوم عوام کے لئے لگائے گئے امدادی کیمپ میں تمام پاکستانیوں اور بالخصوص کراچی کے تاجروں، صنعتکاروں اور عام عوام سے تعاون کی درخواست کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز کلفٹن پر قائم جے ڈی سی کے غزہ کے متاثرین کے لئے منعقدہ امدادی کیمپ کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر جے ڈی سے کے سربراہ ظفر عباس اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ظفر عباس نے نگران صوبائی وزیر محمد مبین جمانی کو کیمپ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ یہاں جمع ہونے والی امداد این ڈی ایم اے کے ذریعے فلسطین کے متاثرین تک پہنچائی جارہی ہیں۔ اس موقع پر نگران صوبائی وزیر محمد مبین جمانی نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان نہتے اور معصوم فلسطینی بچوں، نوجوانوں، خواتین اور بزرگوں کے ساتھ ہونے والے مظالم پر ان کے ساتھ کھڑے ہوں اور جو صورتحال اس وقت وہاں ہے اس پر ہم اللہ تعالٰی سے امداد کے طلبگار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہاں زخمیوں کے علاج معالجہ کے علاوہ بے گھر لاکھوں بچوں اور بڑوں کے لئے کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیا کی فراہمی کے لئے ہمیں آگے بڑھ کر جے ڈی سی کا ساتھ دینا ہوگا۔ محمد مبین جمانی نے کہا کہ میں ملک بھر اور بالخصوص کراچی کے تاجروں، صنعتکاروں اور عام عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس مصیبت کی گھڑی میں اپنے فلسطین بھائیوں کی مدد کے لئے آگے آئیں اور ان کی مشکلات کو کم سے کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
اس موقع پر انہوں نے اپنی ذاتی حیثیت میں جے ڈی سی کو فوری مدد کرنے کا اعلان کیا اور جے دی سی کے سربراہ ظفر عباس اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے اس عزم کو سراہا۔