Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

چیئرمین نیو کراچی ٹاون محمد یوسف کی زیر صدارت نیو کراچی ٹاون کونسل کا پہلا باضابطہ اجلاس منعقد

واٹر بورڈ کے اختیارات ٹاؤن کی سطح پر منتقل کئے جائیں تاکہ پانی سے متعلق مسائل فوری حل کئے جا سکیں

0

چیئرمین نیو کراچی ٹاون محمد یوسف کی زیر صدارت نیو کراچی ٹاون کونسل کا پہلا باضابطہ اجلاس منعقد

کراچی : چیئرمین نیو کراچی ٹاون محمد یوسف کی زیر صدارت نیو کراچی ٹاون کونسل کا پہلا باضابطہ اجلاس منعقد۔ اجلاس میں وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر،میونسپل کمشنر صائم عمران اور اراکین کونسل کی شرکت۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔

تلاوت کلام پاک کے بعد مطالہ حدیث اور نعت رسول مقبول ؐ پیش کی گئی۔بعد ازاں چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور کاغذوں میں موجود پلان کے مطابق صفائی ستھرائی کے کام سر انجام دے اور منتخب بلدیاتی نمائندوں سے مکمل تعاون کرتے ہوئے پہلی فرصت میں منتخب نمائندوں کی جانب سے درکار معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن اوریونین کمیٹی کے چیئرمینزکی مشاورت سے علاقوں کی صفائی ستھرائی کا کام سر انجام دے۔

اجلاس میں کونسل کے منتخب اراکین کے ناموں کی منظوری، چیئرمین، وائس چیئرمین کی عدم موجودگی میں کونسل کے 2 اراکین کو صدر نشین مقرر کرنے کی منظوری عطا کی گئی۔ کونسل کے امور چلانے کے لئے افسر مجاز بھی مقرر کیا گیا۔ اجلاس میں ٹاون میونسپل کارپوریشن نیو کراچی کی سرکاری مہر اور نشان کی منظوری، کونسل کی مختلف کمیٹیوں کے قیام اور کمیٹی کا رکن منتخب کیا گیا۔کونسل اجلاس میں مختلف قراردادیں پیش کی گئیں۔ جس میں سوئیڈن میں قرآن کریم کو جلانے اور اس کی بے حرمتی کرنے پر بھر پور مذمتی قرارداد۔

شہریوں سے بلا تخصیص روابط کے لئے قومی زبان اُردو کو ٹاون میونسپل کارپوریشن نیو کراچی کی دفتری زبان قرار دیا جائے۔ جس کے تحت بلدیاتی امور انجام دئیے جاسکیں۔

ایوان نے حکومت سندھ کی جانب سے پیش کئے جا نے والے شیڈول آف اسٹیبلشمنٹ کو مُسترد کیا کیونکہ اس اقدام سے مقامی افسران کی حق تلفی ہورہی ہے جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ منتخب بلدیاتی نمائندوں کی عدم موجودگی کے باعث شہر مسائل کی آماجگاہ بن گیا ہے۔ اس کا واحد حل اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ہے۔ واٹر بورڈ کے اختیارات ٹاؤن کی سطح پر منتقل کئے جائیں، تاکہ پانی سے متعلق مسائل فوری حل کئے جا سکیں۔

ایوان میں اپوزیشن نے پاکستان پیپلز پارٹی کے جواد حسن کو اپوزیشن لیڈر منتخب کیا۔ اجلاس میں پیش کی گئی قراردادوں کو اراکین کونسل نے متفقہ طور پر منظور کیا۔

Comments
Loading...