میں سمجھتا ہوں کہ فنی تعلیم کسی بھی طرح دوسری تعلیم سے کم درجے کی تعلیم نہیں۔ احسن اقبال
احسن اقبال کا نارووال محمود خان پولی ٹیکنیک کالج کے طلبہ سے خطاب۔
پنجاب : احسن اقبال کا نارووال محمود خان پولی ٹیکنیک کالج کے طلبہ سے خطاب۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ فنی تعلیم کسی بھی طرح دوسری تعلیم سے کم درجے کی تعلیم نہیں۔ دنیا کی بڑی معیشتیں صرف یونیورسٹیوں کے فارغ التحصیل افراد نے تعمیر نہیں کیں؛ ان کی تعمیر میں ٹیکنیشنز، ڈپلومہ انجینئرز، مشین آپریٹرز، الیکٹریشنز، مکینکس، ویلڈرز، ڈیزائنرز، پروگرامرز اور ہنرمند کارکنوں نے بنیادی کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی، چین، جنوبی کوریا اور جاپان جیسے ممالک نے اپنے نوجوانوں کو ہنر دیا، صنعت سے جوڑا، معیار کی تربیت دی اور پھر انہی ہنرمند ہاتھوں نے ان ممالک کو عالمی معاشی طاقت بنا دیا۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان کو بھی آج ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو صرف ملازمت کے منتظر نہ رہیں بلکہ مسائل کا حل پیش کریں، نئی مصنوعات تیار کریں، چھوٹے کاروبار قائم کریں، صنعتوں کی پیداواری صلاحیت بڑھائیں اور اپنے ساتھ دوسروں کے لیے بھی روزگار پیدا کریں۔
انہوں نے کہا کہ آپ میں سے کوئی مستقبل کا ماہر الیکٹریشن ہوگا، کوئی سول ٹیکنالوجی میں نام پیدا کرے گا، کوئی میکینیکل نظاموں کا ماہر بنے گا، کوئی آٹومیشن، روبوٹکس، قابلِ تجدید توانائی یا جدید مینوفیکچرنگ میں آگے بڑھے گا۔ کوئی اپنی ورکشاپ قائم کرے گا اور شاید کوئی ایک چھوٹے سے کاروبار کو بڑی صنعتی کمپنی میں تبدیل کر دے گا۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ آپ خود کو صرف ڈپلومہ حاصل کرنے والا طالب علم نہ سمجھیں۔ اپنے آپ کو پاکستان کا مسئلہ حل کرنے والا، پیداوار بڑھانے والا اور مستقبل تعمیر کرنے والا نوجوان سمجھیں۔