ٹاؤن میونسپل کارپوریشن نیو کراچی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
متعلقہ افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ،دوران ِ برسات خدمات کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔چیئرمین محمد یوسف
ٹاؤن میونسپل کارپوریشن نیو کراچی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن نیو کراچی میں رین ایمر جنسی نافذ کردی گئی، متعلقہ افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ،دوران ِ برسات خدمات کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی،برساتی نالوں کی صفائی کا عمل بلاتعطل جاری رکھا جائے افسران و عملے کو ہدایت۔بارانِ رحمت کو اہلیانِ نیو کراچی ٹاؤن کے لئے زحمت نہیں بننے دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورے کے دوران برساتی نالوں کی صفائی کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد مُشتاق خان،ڈپٹی ڈائریکٹر ریسکیوکامران اخترو دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔چیئرمین محمد یوسف نے نالوں کی صفائی پر معمور متعلقہ افسران و عملے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق ممکنہ بارشوں کے پیش نظر نیو کراچی ٹاؤن میں رین ایمر جنسی نافذ کردی گئی ہے،لہذا متعلقہ افسران وعملے کو پابند کریں کہ دوران برسات اپنی ڈیوٹی پر موجود رہتے ہوئے کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے تیار رہیں۔
انہوں نے کہا کہ متوقع بارشوں کے دوران نشیبی علاقو ں میں پانی کھڑا ہوجاتا ہے جس کی نکاسی کو ممکن بنایا جائے،محکمہ ریسکیو،سینی ٹیشن اور محکمہ صحت کو بھی عوام کو ممکنہ نقصانات سے بچانے کے لئے ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ریسکیو ڈپارٹمنٹ کا عملہ دوران برسات ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لئے فیلڈ میں موجود رہے گا۔
چیئرمین محمد یوسف نے مکینکل اینڈ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مرمت طلب گاڑیوں کو قابل استعمال بناکر آن روڈ کیا جائے تاکہ افرادی قوت اور مشینری کے زریعے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے با آسانی نمٹا جاسکے۔ انتظامیہ کی مربوط حکمت عملی کی وجہ سے عوام کو د وران برسات مکمل ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔چیئرمین نے کہا کہ نیو کراچی کی مین شاہراہوں پر قائم برساتی نالوں کی صفائی کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ذمہ داری ہے اس حوالے سے ان کی جانب سے صرف ایک ایکسیویٹر کام کررہا ہے جبکہ نیو کراچی ٹاؤن نے کرائے پر حاصل کرکے تین ایکسیویٹر(ہیوی مشینری) نالوں کی صفائی پرمعمور کئے ہیں جو شب و روز برساتی نالوں کی صفائی میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں اور انتظامیہ کی ذمہ داری عوام کو امن اور سُکون سے بھر پور معاشرتی اور شہری ز ندگی کا ماحول مہیاکرنا ہے اورنیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ و افسران باہمی رابطے اور مربوط پلاننگ کے ساتھ پوری تندہی اور ایمانداری سے اپنے کاموں کو سر انجام دے رہے ہیں۔