افسران اپنے شعبوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔ مدیحہ ناریجو
عوامی خدمت کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔مدیحہ ناریجو
افسران اپنے شعبوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔ مدیحہ ناریجو
کراچی : ٹاون میونسپل کمشنر ناظم آباد مدیحہ ناریجو کے زیر صدارت افسران کا اجلاس،اجلاس میں کو ٹرانزیشن آفیسرشمعونہ صدف، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن فیض احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر باغات آصف حسین و دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔
میونسپل کمشنر مدیحہ ناریجو نے ناظم آباد ٹاون کے تمام شعبہ جات کے افسران کے اجلاس میں اہلیان ناظم آبادٹاؤن کو بہتر سے بہتر بلدیاتی سہولیات مہیاء کرنے کے لئے انقلابی اقدامات کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناظم آباد ٹاون کے افسران و کارکنان اپنے اپنے شعبوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے دوسروں کے اطمینان کے بجائے خوداحتسابی کے تحت اپنے آپ کومطمئن کریں کیونکہ ہر شخص بخوبی جانتا ہے کہاں اس نے اپنی ذمہ داری کس حد تک پوری کی۔
مزید برآں انہوں نے تمام افسران اورملازمین کے درمیان باہمی تعاون اور اتحاد کو کسی بھی محکمے کی کامیابی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام افسران ایک دوسرے سے اتحاد قائم کرکے ٹیم ورک کے زریعے بہتر نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ میونسپل کمشنر مدیحہ ناریجو نے کہا کہ ہمارا کام عوام کی خدمت ہے اور عوامی خدمت کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ میونسپل کمشنر مدیحہ ناریجو اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی کام کی تکمیل کے لئے وقت کی پابندی نہایت اہمیت کی حامل ہے اس لئے تمام اسٹاف و افسران دفتری اوقات کی سختی سے پابندی کریں تاکہ ہر کام وقت پر شروع ہو کر وقت پر مکمل کیا جاسکے۔
اس موقع پرکو ٹرانزیشن آفیسر بلدیہ وسطی شمعونہ صدف نے کہا کہ بلدیاتی ٹیکس کی وصولی اور ادائیگی کے حوالے سے جدید ای پورٹل نظام متعارف کرادیا گیا ہے ای پورٹل نظام کو متعارف کرانے کا مقصد کاروباری حضرات کے قیمتی وقت کو ضائع ہونے سے بچانا ہے اس جدیدنظام کے تحت کاروباری حضرات اپنے کا روبار کی کیٹگری اور واجب الادا ٹیکس کا تعین بھی کرسکیں گے۔
انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ بلدیاتی ٹیکس کی وصولی میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بلدیاتی محصولات میں خاطر خواہ اضافے کا سبب بنے گا۔میونسپل کمشنر مدیحہ ناریجو نے ہر شعبے کے سربراہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سہہ ماہی اہداف اور لائحہ عمل تیارکرکے اس پر عمل کیا جائے اس طرح ناظم آباد ٹاون کو سہہ ماہی لائحہ عمل کے تحت قلیل مدتی ہدف حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔
اس موقع پر اجلاس میں شریک افسران نے اپنی جانب سے میونسپل کمشنر کو ناظم آباد ٹاون کے محکموں کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کرنے کا یقین دلایا۔