پورا شہر اس وقت بجلی مافیا کے ہاتھوں یرغمال بنا ہوا ہے۔ ایم کیو ایم اراکین سندھ اسمبلی
تمام تر مطلوبہ وسائل میسر ہونے کے باوجود معاشی دارالخلافہ میں سولہ گھنٹوں سے زائد بجلی کی لوڈشیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے، حق پرست اراکینِ صوبائی اسمبلی
پورا شہر اس وقت بجلی مافیا کے ہاتھوں یرغمال بنا ہوا ہے۔ ایم کیو ایم اراکین سندھ اسمبلی
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے شہر میں ہونے والی بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بہادرآباد مرکز سے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پورا شہر اس وقت بجلی مافیا کے ہاتھوں یرغمال بنا چکا ہے جہاں دن رات موسم اور تہوار کی تمیز کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ترسیلی نظام پر قابض ادارہ عوام کو بنیادی سہولت سے ناصرف محروم رکھنے پر بضد ہے بلکہ ذہنی اذیت پہنچا کر انسانی حقوق کی پامالی کا بھی مرتکب ہو رہا ہے، تمام تر مطلوبہ وسائل میسر ہونے اور بھاری بھرکم بلوں کی مد میں کھربوں روپے وصول کرنے کے باوجود معاشی دارالخلافہ میں سولہ گھنٹوں سے زائد بجلی کی عدم موجودگی سمجھ سے بالاتر ہے۔
حق پرست اراکینِ صوبائی اسمبلی نے کہا کہ متعدد یقین دہانیوں کے باوجود کے الیکٹرک اپنا قبلہ درست کرنے میں ارادی طور پر ناکام نظر آتی ہے دو دہائیوں سے زائد عرصہ بیت جانے کے باوجود کے الیکٹرک معاہدے کے تحت ایک میگاواٹ بجلی بھی سسٹم میں شامل نہیں کر سکی مزید نظام کی بدحالی سب کے سامنے ہے، ایم کیو ایم اراکین سندھ اسمبلی نے وزیراعظم میاں شہباز شریف سے مطالبہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ کراچی کی عوام کو اس مافیا کے چُنگل سے آزاد کرانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں اور معاہدے کی خلاف ورزیوں پر کے الیکٹرک کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہری سکون کا سانس لے سکیں۔