نیو کراچی ٹاؤن کے قبرستانوں میں شب برات سے قبل صفائی ستھرائی کا عمل جاری۔
میئر کراچی قبرستانوں پر خصوصی توجہ دیں اور جرائم پیشہ چور لٹیروں سے زائرین قبرستان کو محفوظ بنائیں۔ چیئرمین محمد یوسف
مساجد، امام بارگاہوں کے اطراف اور عوامی اجتماع کی جگہوں پر صفائی کے کاموں کو جلد مکمل کیا جائے۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف
کراچی : نیو کراچی ٹاؤن کے قبرستانوں میں شب برات سے قبل صفائی ستھرائی کا عمل جاری۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ قبرستانوں کا تفصیلی دورہ۔ اس موقع پر اسٹینڈنگ کمیٹی برائے سینی ٹیشن کے چیئرمین عمران شفیق،اسٹینڈنگ کمیٹی برائے تعلیم نیو کراچی کے چیئرمین عمران فقیر،ایکسی این ایم این ای ندیم حیدر،ایکسی این بی اینڈ آر اشتیاق حسین،انچارج بی اینڈ اڑ فیصل صغیر،ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد مُشتاق خان،ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن نیو کراچی خالد شیخ،ڈپٹی ڈائریکٹرسینی ٹیشن نارتھ کراچی محمد علی،ڈائریکٹر باغات آفتاب احمد،افسر محکمہ باغات جاوید جمال و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
چیئرمین محمد یوسف نے قبرستانوں میں کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ماہ شعبان کے آتے ہی نیو کراچی ٹاؤن کی جانب سے قبرستانوں میں صفائی ستھرائی کا عمل جاری ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی شب برات کے موقع پر اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لئے آنے والے زائرین کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل برؤے کار لارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شب برات کے موقع پرنیو کراچی ٹاؤن میں قائم قبرستانوں کی صفائی ستھرائی اور خودرو جھاڑیوں کی کٹائی سمیت روشنی کے مناسب انتظامات کئے جارہے ہیں۔ تاکہ شب برات کے موقع پر اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لئے آنے والوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ سندھ گورنمنٹ جس طرح کراچی میں کام نہیں کررہی اسی طرح قبرستانوں کو بھی بے یارو مدد گار چھوڑا ہوا ہے ان قبرستانوں میں جرائم پیشہ افراد پناہ لیئے ہوئے ہیں جو زائرین قبرستان کو لوٹ لیتے ہیں،قبرستانوں میں قبروں کے چارجز کے ایم سی وصول کرتی ہے یہ ان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ان قبرستانوں کی دیکھ بھال اور مرمت کا خیال رکھیں کراچی کے تمام قبرستانوں کی حالت خراب ہے مرتضی ٰ وھاب صاحب فوری طور پر قبرستانوں کو محفوظ بنائیں۔
واضح رہے کہ شعبان کا چاند نظر آتے ہی چیئر مین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی ہدایت پر نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ نے قبرستانوں میں صفائی ستھرائی اور خودرو جھاڑیوں کی کٹائی سمیت قبرستان آنے والے راستوں پر صفائی ستھرائی،گڑھوں کی بھرائی،استرکاری اور روشنی کے انتظامات کو ممکن بنانے کے لئے عملی اقدامات آغازکر دیا گیاہے جو شب برات سے قبل مکمل کرلیا جائے گا۔بعد ازاں چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف اور وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے سیکٹر 4 5سی نارتھ کراچی کا دورہ کیا اور سیوریج کے موجود مسائل کا جائزہ لیا۔
اس موقع پرچیئرمین محمد یوسف نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ذمہ داران کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سوئی گیس کمپنی لائنوں کی وجہ سے واٹر اینڈ سیوریج کی لائنیں متاثر ہوئی ہیں جس کی وجہ سے گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں اور نمازی حضرات کو آنے جانے میں دشواری کا سامنا ہے لہذا ان لائنوں کی فوری مرمت و تبدیلی کو یقینی بنایا جائے جبکہ علاقے میں موجود گٹر کے مین ہول پر رنگ اور ڈھکن لگائے جائیں تاکہ غیر متوقع حادثات سے بچا جا سکے۔