قونصل جنرل آف عمان سمیع عبداللہ سلیم الخنجاری نے کراچی میں پاکستان ہلال احمر سندھ کے صوبائی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا
قونصل جنرل آف عمان سمیع عبداللہ سلیم الخنجاری نے کراچی میں پاکستان ہلال احمر سندھ کے صوبائی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا
کراچی : قونصل جنرل آف عمان سمیع عبداللہ سلیم الخنجاری نے کراچی میں پاکستان ہلال احمر سندھ کے صوبائی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ دورے کے دوران چیئر مین سندھ برانچ محمد ریحان ہاشمی اور صوبائی سیکریٹری کنور وسیم نے قونصل جنرل کو سندھ میں جاری انسانی خدمات , تربیتی پروگرام برائے ایمرجنسی رسپانس، ڈزاسٹر مینیجمنٹ اور دیگر سے متعلق بریفنگ دی۔ ایک پریزنٹیشن اور دستاویزی فلم کے ذریعے ہلال احمر کی سرگرمیوں کا تعارف کرایا گیا۔
قونصل جنرل نے ہلال احمر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اپنی بھرپور معاونت کا یقین دلایا، اور کہا کہ وہ اس انسان دوست مشن میں ساتھ دینے کے لیے تیار ہیں۔ چیئرمین محمد ریحان ہاشمی نے قونصل جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پیشکش کی کہ عمانی قونصل خانے کے عملے کو فرسٹ ایڈ اور جان بچانے کی مہارتوں کی مفت تربیت دی جا سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ، ہماری اولین ترجیح زیادہ سے زیادہ تربیتی کیمپ کا انعقاد کرکے سندھ بھر کے مختلف شہروں اور ضلعوں کے افراد کو ہنگامی صورت حال ، فرسٹ ایڈ جیسے اہم امور میں بنیادی تربیت فراہم کریں اور ایک بار پھر سے اسکاوٹنگ اور ہلال احمر جیسے اداروں میں نوجوانوں اور شہریوں کی شرکت کو ممکن بنایا جاسکے۔
دورے کے آخر میں قونصل جنرل نے ہلال احمر کے ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا، جہاں انہیں مختلف کورسز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ قونصل جنرل عمان کے اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان انسانی ہمدردی پر مبنی تعلقات کے فروغ کے ایک مثبت قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔