Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ گوجرانوالہ ایکسپو 2026 کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے گوجرانوالہ سے آئے ہوئے صنعتکاروں کا خیر مقدم کیا اور ملکی معیشت میں صنعتی شعبے کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی

0

کراچی : ایکسپو کے شرکاء اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا راستہ صنعتی شعبے سے ہو کر گزرتا ہے۔ انہوں نے گوجرانوالہ کے صنعتکاروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ کے صنعت کاروں کا کراچی میں آ کر اپنی مصنوعات کی نمائش کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا صنعتی پہیہ تیزی سے گھوم رہا ہے کراچی اور گوجرانوالہ کا یہ معاشی اشتراک ملک کے لیے نیک شگون ہے۔

کراچی پاکستان کا وہ واحد شہر ہے جو ملک بھر کے صنعتکاروں کو اپنی مصنوعات عالمی منڈیوں میں پیش کرنے کے لیے بہترین پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔گوجرانوالہ کے صنعتکاروں کا یہاں اپنی مصنوعات لانا اس بات کی عکاسی ہے کہ کراچی آج بھی پاکستان کی صنعت و تجارت کا مرکز ہے اور یہاں سے پوری دنیا کے لیے برآمدات کے راستے کھلتے ہیں۔کراچی کی بندرگاہیں اور ایکسپو سینٹر جیسے مراکز ملکی مصنوعات کو “میڈ ان پاکستان” کے برانڈ کے طور پر دنیا بھر میں متعارف کروانے کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے بین الاقوامی صورتحال، بالخصوص امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے خاتمے پر بات کرتے ہوئے پاکستان کی قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بصیرت افروز قیادت نے دنیا کو ایک بڑی تباہی اور ممکنہ جنگ سے بچا لیا ہے۔ پاکستان نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ خطے میں امن کا سب سے بڑا داعی ہے۔ امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانا پاکستان کی بڑی سفارتی فتح ہے۔ دونوں ممالک نے پاکستان کی سفارتی صلاحیتوں اور مہمان نوازی کا لوہا مان لیا ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان مذاکرات کا تسلسل برقرار رہے گا اور پاکستان ہی ان دونوں ممالک کے درمیان دیرپا امن کے قیام میں پل کا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب ملک میں سیاسی اور سفارتی استحکام آتا ہے تو اس کے مثبت اثرات براہِ راست ہماری تجارت اور صنعت پر بھی پڑتے ہیں۔

اس موقع پر گجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد علی ہمایوں بٹ اور سینئر نائب صدر سعد جمیل عرفانی نے انہیں مختلف اسٹالز کا دورہ کروایا اور نمائش میں پیش کی جانے والی صنعتی و تجارتی مصنوعات کے بارے میں بریفنگ دی، دورے کے دوران اراکینِ مرکزی کمیٹی شکیل احمد، ارشاد ظفیر، متحدہ بزنس فورم کے عاصم اعزاز اور پنجاب سے آئے ہوئے ذمہ داران زاہد ملک، چوہدری عابد گجر، عمر علی آغا اور چوہدری شہباز جٹ بھی موجود تھے۔

Comments
Loading...