Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کا کردار ہمیشہ سے نمایاں رہا ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار

مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار

0

ایم کیو ایم پاکستان تمام مظلوم طبقات کی نمائندہ اور اقلیتوں کی محافظ جماعت ہے۔ انچارج پطرس یوسف

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے شعبہ اقلیتی امور کے زیرِ اہتمام بہادر آباد مرکز سے متصل پارک میں “میری کرسمس” کے حوالے سے ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس کا اسٹیج بین المذاہب ہم آہنگی کا خوبصورت منظر پیش کر رہا تھا۔

تقریب میں چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور مسیحی برادری کے مذہبی پیشواؤں (پادری صاحبان) کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر اسٹیج پر موجود اراکینِ مرکزی کمیٹی و سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور حق پرست اراکینِ اسمبلی نے مسیحی برادری کو مبارکباد دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان تمام مذاہب کے پیروکاروں کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے اور ہم مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک وطنِ عزیز کی تعمیر و ترقی، خاص طور پر تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مسیحی برادری کا کردار ناقابلِ فراموش ہے اور ہم ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حضرت عیسیٰؑ کا یومِ پیدائش صرف مسیحی برادری کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے امن، محبت اور آشتی کا پیغام ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کے لیے قومی مکالمے اور حقیقی مفاہمت کی اشد ضرورت ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی جیسے عظیم شہر کو انتظامی بنیادوں پر تقسیم کر کے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ہی وہ واحد راستہ ہے جس سے ہر شہری کو اس کے بنیادی حقوق مل سکتے ہیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے آرٹیکل 140-اے کی روح کے مطابق مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ اختیارات کی منتقلی کوئی جغرافیائی تقسیم نہیں بلکہ ایک انتظامی ضرورت ہے تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں۔

تقریب سے شعبہ اقلیتی امور کے مرکزی انچارج پطرس یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان واحد جماعت ہے جو عملی طور پر اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے پر یقین رکھتی ہے اور ہم اپنی مسیحی برادری کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسیحی برادری نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے اور ایم کیو ایم ان کے حقوق کی سب سے بڑی علمبردار ہے۔

اس موقع پر مسیحی مذہبی پیشواؤں (پادری صاحبان) نے اپنے خطاب میں ایم کیو ایم کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور ملک کی سلامتی و بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔ تقریب میں موجود شرکاء نے والہانہ انداز میں قیادت کا استقبال کیا جبکہ اس موقع پر شعبہ اقلیتی امور کے ذمہ داران، معززینِ شہر اور مسیحی برادری کے مرد و خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

Comments
Loading...