Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

مسیحی برادری کو مذہبی تہوار کے موقع پر تمام بنیادی بلدیاتی سہولیات فراہم کی جائیں۔ میونسپل کمشنر منور حسین ملاح

میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن منور حسین ملاح کا وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ نیو کراچی ٹاون کے مختلف گرجا گھروں کا دورہ

0

مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی احترام کی روایت کو فروغ دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔ وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر

کراچی : نیو کراچی ٹاؤن کے میونسپل کمشنر منور حسین ملاح نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف گرجا گھروں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ٹاؤن افسران، بلدیاتی عملہ اور علاقے کے معززین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔

اس موقع پر میونسپل کمشنر منور حسین ملاح نے مسیحی برادری کے مذہبی تہوار پر انہیں دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم سب کا مشترکہ وطن ہے اور یہاں بسنے والی تمام اقلیتیں ہمارے معاشرے کا قابلِ فخر حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور ہمیں ایک دوسرے کے مذاہب، عقائد اور روایات کا احترام کرنا چاہیے۔ مسیحی برادری کے تہوار کے موقع پر ان کے درمیان آ کر خوشی میں شریک ہونا ہمارے لیے باعثِ مسرت ہے۔

میونسپل کمشنر نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ مسیحی برادری کو مذہبی تہوار کے موقع پر تمام بنیادی بلدیاتی سہولیات فراہم کی جائیں۔ علاقے میں صفائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، روشنی کے انتظام کے ساتھ سڑکوں کو بھی صاف کروایا گیا ہے جبکہ سیوریج اور پانی کی فراہمی سے متعلق امور بھی مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

اس موقع پر وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی احترام کی روایت کو فروغ دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کے ماننے والے برابر کے شہری ہیں اور بلدیاتی ادارے بلا تفریق عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔

آخر میں میونسپل کمشنر اور وائس چیئرمین نے مسیحی برادری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں امن، صفائی اور مذہبی ہم آہنگی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔

Comments
Loading...