شہر میں پانی کی منصفانہ تقسیم کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے۔سعید غنی
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی زیر صدارت کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
پانی کی منصفانہ اور بلا تعطل فراہمی کے لئے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن تمام اقدامات کررہا ہے۔ احمد علی صدیقی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ شہر میں پانی کی منصفانہ تقسیم کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے۔ شہر میں طلب کے مقابلے رسد کی 50 فیصد سے زائد کی کمی کو منصفانہ تقسیم سے ہی کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن شہر میں موسم گرما میں پانی کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز اپنے دفتر میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ سید خالد حیدر شاہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) احمد علی صدیقی، چیف آپریٹنگ آفیسر(سی او او) اسد اللہ خان، چیف انجنئیر ظفر علی پلیجو و دیگر بھی موجود تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ شہر میں پانی کی منصفانہ تقسیم کے نظام کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔ سعید غنی نے کہا کہ موسم گرما میں پانی کی طلب میں اضافے کے باعث عوام کو پانی کی رسد بلاتعطل جاری رہے اس کے لئے تمام اقدامات کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں پہلے ہی پانی کی طلب اور رسد میں نصف کی کمی کا سامنا ہے تاہم اگر منصفانہ تقسیم کی جائے تو اس سے نبردآزما ہویا جاسکتا ہے۔
اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی نے کہا کہ پانی کی منصفانہ اور بلا تعطل فراہمی کے لئے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن تمام اقدامات کررہا ہے۔ سی ای او احمد علی صدیقی نے کہا کہ حالیہ صفورا ٹاؤن میں 84 انچ قطر کی لائن میں پانی کے رسائو کے باعث 4 روز کے لئے اس لائن کو بند کیا گیا تھا تاہم اس کا کام 60 گھنٹوں کے ریکارڈ وقت میں مکمل کیا گیا۔ اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر اسد اللہ خان نے کہا کہ سندھ حکومت کے تعاون سے کئی مقامات پر پمپنگ اسٹیشنز کو سولرزائیزڈ کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، جبکہ کئی پمپنگ اسٹیشن کو لوڈشیڈنگ سے مشتنعی قرار دینے کا کام بھی کے الیکٹرک کے اشتراک سے جاری ہے۔