میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام ضلع وسطی نارتھ ناظم آباد میں اقرا یونیورسٹی ہِل ویو روڈ کی بہتری اور بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
کراچی : میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام ضلع وسطی نارتھ ناظم آباد میں اقرا یونیورسٹی ہِل ویو روڈ کی بہتری اور بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اقرا یونیورسٹی ہِل ویو روڈ کی تعمیر و بحالی کے لیے 10 کروڑ 17 لاکھ روپے کی لاگت سے منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ ضلع وسطی میں سڑکوں کی بہتری اور بحالی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ شہر کی سڑکوں کو بہتر بنانے اور شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کررہے ہیں۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ اقرا یونیورسٹی ہِل ویو روڈ منصوبے کے تحت 4100 رننگ فٹ سڑک کی تعمیر و بحالی کا کام کیا جائے گا۔ منصوبے میں 2 لاکھ 1 ہزار 300 مربع فٹ رقبے پر اسفالٹ بچھانے کا کام شامل ہے۔ اقرا یونیورسٹی ہِل ویو روڈ کی بہتری کے منصوبے میں 9 ہزار رننگ فٹ کرب اسٹون بھی نصب کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سڑک کی تعمیر و بحالی کے منصوبے میں ایک لاکھ 650 مکعب فٹ ایگریگیٹ استعمال کیا جائے گا۔ شہر کی سڑکوں کی بحالی، انفرااسٹرکچر کی بہتری اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانا ترجیحات میں شامل ہے۔