ایم کیو ایم پاکستان شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
معصوم شہریوں کا قتل ناقابلِ معافی جرم، دہشت گردی کے آگے جھکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
ایم کیو ایم پاکستان شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اسلام آباد میں امام بارگاہ کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کو ریاستِ پاکستان کے امن و سلامتی اور مذہبی ہم آہنگی پر براہِ راست حملہ قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
مرکز بہادر آباد سے جاری کردہ مذمتی بیان میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ عبادت گاہوں اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا دہشت گردی کی بدترین شکل اور انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے یہ واقعہ نفرت فرقہ واریت اور عدم برداشت پھیلانے کی ایک منظم سازش ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اور پوری قوم شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ کھڑی ہے بزدلانہ دہشت گرد کاروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے واضح کیا کہ قومی اور مذہبی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والی ہر حرکت ناقابلِ قبول ہے اور ملک میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے قومی یکسوئی اور آہنی عزم ناگزیر ہے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے زور دیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر فوری مؤثر اور بلاامتیاز عملدرآمد وقت کی سب سے بڑی ضرورت بن چکا ہے وفاق اور صوبے محض بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات کریں، چیئرمین ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا کہ شہریوں کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی ناقابلِ قبول ہے ریاستی ادارے اپنی رٹ بحال کریں اور دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا جائے۔