Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

اس شہر کو کے2 اور کے3 کا منصوبہ ہمارے دور نظامت میں ایم کیو ایم نے دیا۔ فاروق ستار

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد پر ڈاکٹر فاروق ستار و دیگر کی پریس کانفرنس

0

ایم کیو ایم کے گورنر ہاوس میں پچاس ہزار بچوں کو آئی ٹی کورسز کروائے، یہ دس ہزار بچوں کو پڑھا کر دکھائیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد پر پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی، فاروق ستار نے زرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضی وہاب کو کہا کہ بیان بازی کر کے ایم کیو ایم کے گورنر اور مجھے ٹارگٹ نہ کریں۔ ایم کیو ایم کا گورنر عوامی گورنر ہے گورنر نے یوسف گوٹھ سرجانی ٹاؤن جا کر لوگوں کے زخموں پر مرہم رکھا۔ ڈمپر حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی گورنر سندھ نے تعزیت کی اس شہر میں 150 سے زائد لوگ جنوری سے لیکر مارچ ڈمپر حادثات کا شکار ہوئے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایک پریس کانفرنس یا پلاٹ کسی کی جان کا متبادل ہو سکتے ہیں، اس طرح کا نفرت انگیز بیان میئر کی جانب سے دیا گیا۔ وہ یہ سمجھ لیں کہ شہریوں کے تحفظ کی زمہ داری وزیر داخلہ سندھ کی ہے۔ اس شہر میں منشیات کی عادی ڈمپرز اور ٹینکر مافیا شہریوں کو کچل رہے ہیں۔ ان پر کتنے مقدمات اور کتنے کیسز بنے؟ اس معاملے پر میئر شہیدوں کے ساتھ کھڑے ہونے کے بجائے ان کے زخموں پر نمک پاشی کر رہے ہیں کیونکہ جس پارٹی سے تمہارا تعلق ہے ان کا یہی طرہ امتیاز ہے۔ جبکہ بغیر کسی انتظامی اختیارات کے گورنر اپنی کاوشوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے گورنر ہاوس میں پچاس ہزار بچوں کو آئی ٹی کورسز کروائے، یہ دس ہزار بچوں کو پڑھا کر دکھائیں۔ پیپلز پارٹی کراچی کے ایک ہزار ارب روپے کا ٹیکس ہڑپ کر رہی ہے، 300 ارب کی کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن جبکہ200 ارب روپے کا ٹیکس کے ڈی اے دے رہا ہے اور یہ لوگ عوامی خدمات کے بجائے مافیاز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے حلقہ بندیوں میں نا انصافیاں کیں۔ پانچ سے سات فیصد ووٹ لیکر یہ شہر کا میئر بننے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ کلفٹن میں کنٹونمنٹ کے کام کو اپنا کام بتاتے ہیں۔

فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ آپکی اپنی پارٹی کے لوگ ظلم کیخلاف آواز اٹھاتے ہیں، تاج حیدر کے بیٹے نے ٹینس کورٹ ختم کرنے پر احتجاج کیا۔ آپ دو سال سے زبردستی کے میئر اور اس پہلے دو سال ایڈمنسٹریٹر بھی مسلط رہے ہیں۔ آپ کبھی یوسف گوٹھ یا لیاری گئے ہو؟ یا پھر ملیر کے گوٹھوں کے کتنے وزٹ کیے؟ آپ اور آپکی صوبائی حکومت نے کیا کیا آخر؟ ایم کیو ایم بجلی کی قیمتوں میں کمی کروانے کے بعد اگلے سال 26 کروڑ یومیہ گیلن پانی کے فور منصوبے کے زریعے شہر میں لائے گی، جبکہ قابض میئر کراچی کے مسائل پر مگرمچھ کے آنسو بہاتے ہیں۔ سرجانی ٹاؤن کی ساری زمینوں پر کس کا قبضہ ہے ایک ایک بچہ جانتا ہے۔ کامران ٹیسوری فوبیا سے خدا کے واسطے نکلو، اگر اس کی کارکردگی سراہتے نہیں تو غلط نہیں بولو۔

انکا کہنا تھا کہ فوزیہ وہاب جیسی لیجنڈ کے بیٹے میں صلاحیت نہیں۔ ڈکیتی کی وارداتوں میں یہاں کے بیٹے اور بیٹیوں کو مار دیا جاتا ہے۔ ڈمپرز اور ٹینکرز مافیا کیخلاف یہ کچھ نہیں کرتے کیا تم لوگوں کا ان سے گٹھ جوڑ ہے؟ کیا دہشتگردی کا شکار ہونے والوں کو وزیر اعلیٰ کی طرف سے پلاٹ نہیں دیا جاتا۔ ہم نے کہا ڈیڑھ سو شہداء کو ایک ایک کروڑ دینے کا اعلان کرو۔ تم لوگ کہہ دیتے ہو جان کی قیمت کا تعین ایک پلاٹ نہیں کر سکتا۔ اگر کنٹینر ،ڈمپر اور ٹینکر والوں کے میئر نہیں ہو تو کراچی والوں کے ساتھ کھڑے ہو۔ میاں اپنا حساب دو ابھی وائٹ پیپر پر کام شروع ہو رہا ہے۔ کام ہوئے نہیں ابھی اور تم فائلیں بنا رہے ہو۔ ڈیڑھ دو سال بعد بلدیہ میں ہم انکا حال دیکھیں گے۔ اس شہر کو کے2 اور کے3 کا منصوبہ ہمارے دور نظامت میں ایم کیو ایم نے دیا۔

انہوں نے ایم کیو ایم کی شرافت کو کمزوری سمجھا ہوا ہے، ٹریفک پولیس اور پولیس تمہارے ماتحت ہے کمیشن کیوں نہیں بناتے؟ اٹھارویں ترمیم میں ہم تمہارے ساتھ تھے، کالا باغ اور بڑے ڈیم کے معاملے پر ہم تمہارے ساتھ، دریائے سندھ سے چھ کینال نکالنے پر صدر مملکت کے آفس میں سودا ہوا، مرتضیٰ وہاب جواب دیں آپ فوزیہ وہاب کے بیٹے ہیں، صدر کا منہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف ہے وزیر اعلیٰ کا منہ قوم پرستوں کی طرف اور میئر کا منہ گورنر کی طرف ہے۔

اس موقع پر قائد حزب اختلاف سندھ علی خورشیدی، پارلیمانی لیڈر افتخار عالم، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر طحہ احمد، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سمیت ایم کیو ایم کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

Comments
Loading...