سوئی سدرن گیس کمپنی کی کھدائی سے ڈیمج ہونی والی واٹر اینڈ سیوریج لائنوں کی مرمت کے کام کا جائزہ۔
واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اپنا قبلہ درست کرلے ورنہ عوام کی پریشانی کی خاطر ہمیں کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑے گا۔چیئرمین محمد یوسف
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ سیکٹر 8 نارتھ کراچی کا دورہ۔
کراچی : چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ سیکٹر 8 نارتھ کراچی کا دورہ۔سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کی جانے والی کھدائی سے ڈیمج ہونی والی واٹر اینڈ سیوریج لائنوں کی مرمت کے کام کا جائزہ۔اس موقع پر سپرٹینڈنگ انجینئربی اینڈ آر اشفاق حُسین،انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر،انجینئر صفدر حُسین و دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ سوئی گیس کمپنی نیو کراچی ٹاؤن میں اپنا نیا سسٹم ڈال رہی ہے جس کے لئے ہمیں لیٹر موصول ہوا تھا اور اس حوالے سے سوئی سدرن گیس کمپنی کے ذمہ داروں سے ہماری میٹنگ بھی ہوئی تھی جس میں یہ طے پایا تھا کہ کھدائی کے دوران اندرونی گلیوں میں ایکسیویٹر (ہیوی مشینری) استعمال نہیں کی جائے گی بلکہ مینول طریقے سے کھدائی کا عمل مکمل کیا جائے گا جبکہ گزشتہ روز سیکٹر 8 کی گلی میں ایکسیویٹر کا استعمال کیا گیا جس کی وجہ سے یہاں پر موجود واٹر اینڈ سیوریج کی لائنیں ڈیمج ہوئیں جس پر ٹاؤن کے متعلقہ ڈپاڑٹمنٹ نے کام کو رکوایا ہے اور گیس کمپنی کے ذمہ داروں کو بلا کر ان ڈیمیج لائنوں کی مرمت کا کام شروع کرایا ہے۔
یہاں میں ایک بات واضح کرتا چلوں کہ سوئی گیس کمپنی کی جانب سے نئے سسٹم کی تنصیب کا عمل چند ماہ میں ختم ہوجائے گا اور کمپنی نے روڈ کٹنگ کی مد میں جو رقم دی ہے وہ ٹاؤن کے اکاؤنٹ میں محفوظ ہے اوریہ رقم صرف نیو کراچی ٹاؤن کی سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر میں خرچ کی جائے گی۔چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ سابقہ بلدیاتی دور میں نیو کراچی ٹاؤن کے چار سیکٹروں میں سوئی گیس کمپنی نے نئے سسٹم کو ڈالا تھا اور روڈ کٹنگ کی مد میں ہر سیکٹر میں سڑکوں کی تعمیر کے لئے پندرہ پندرہ کروڑ روپے ادا کئے تھے اس رقم سے نا ہی ان سیکٹرز میں سڑکیں تعمیر کی گئیں اور نا ہی دیگر تعمیر کے کام کئے گئے ہم یہ پوچھتے ہیں کہ وہ پیسہ کہا گیا۔
میں اس موقع پر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ایم ڈی سے بھی یہ کہنا چاہتا ہوں کہ خدارا کراچی کی عوام کو پریشان نا کریں عوام کی بنیادی ضروریات پانی اور سیوریج کے مسائل کو حل کریں میں یہ واضع کرنا چاہتا ہوں کہ اب بھی نیو کراچی ٹاؤن میں پانچ سو مقامات پر واٹر اینڈ سیوریج کے مسائل موجود ہیں جن سے پانی نکل کر سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہورہا ہے اور سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہورہی ہیں۔واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اپنا قبلہ درست کرلے ورنہ عوام کی پریشانی کی خاطر ہمیں کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑے گا۔ہم عوامی نمائندے ہیں اور عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کررہے ہیں۔انشاء اللہ جلد جماعت اسلامی کے نمائندے نیو کراچی ٹاؤن کو ایک مثالی ٹاؤن بنائیں گے۔