Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

سندھ پبلک سروس کمیشن میں مبینہ میرٹ کی خلاف ورزیوں کے معاملے پر ایم آر ایم وفد کی قائدِ حزبِ اختلاف علی خورشیدی سے ملاقات

پیپلز پارٹی نے سندھ میں پبلک سروس کمیشن کو وڈیروں کی اوطاق سمجھ رکھا ہے، کرپٹ افسران اور بااثر افراد کے بچوں کو اہل امیدواروں پر فوقیت سی جارہی ہے، قائد حزب اختلاف سندھ علی خورشیدی

0

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) میں مبینہ طور پر میرٹ کی پامالی اور اقربا پروری اور انتہائی پریشان کن اور کراچی سمیت پورے سندھ کے نوجوانوں کے حقوق پر ڈاکہ قرار دیا ہے۔

اس سلسلے میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے دفتر میں ایس پی ایس سی کے نوجوان امیدواروں کی تنظیم موومنٹ فار ریسٹوریشن آف میرٹوکریسی (ایم آر ایم) کے وفد نے قائدِ حزبِ اختلاف علی خورشیدی اور ایم کیو ایم وفد سے ملاقات کی۔

ملاقات میں اے پی ایم ایس او کے مرکزی جوائنٹ انچارج کاظم حسین، رکنِ سندھ اسمبلی راشد خان اور اے پی ایم ایس او حیدرآباد سیکٹر آرگنائزر ناصر نواب بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران ایم آر ایم کے وفد نے سندھ پبلک سروس کمیشن میں مبینہ بے ضابطگیوں اور میرٹ کی خلاف ورزیوں سے متعلق تفصیلی مؤقف، اعداد و شمار اور شواہد پیش کیے۔ وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ ایس پی ایس سی میں اقربا پروری اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے۔ جس کے باعث اہل اور قابل امیدوار متاثر ہو رہے ہیں۔

اس موقع پر قائدِ حزبِ اختلاف علی خورشیدی نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ایم کیو ایم پاکستان نوجوانوں کے جائز حقوق اور میرٹ کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور اس معاملے کو سندھ اسمبلی میں بھرپور اور مؤثر انداز میں اٹھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں پبلک سروس کمیشن کو وڈیروں کی اوطاق سمجھ رکھا ہے، کرپٹ افسران اور بااثر افراد کے بچوں کو اہل امیدواروں پر فوقیت دی جارہی ہے۔ سندھ کے نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی سندھ کے ہر ادارے میں میرٹ متاثر ہو رہا ہے اس کی شفاف تحقیقات ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ہفتے سندھ اسمبلی میں اس مسئلے کو بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو انصاف اور ان کا حق مل سکے۔

Comments
Loading...