پہلی پوزیشن لینے والے طالب علم عبدالرافع کے اعلیٰ تعلیم مکمل ہونے تک اخراجات اٹھائے جائیں گے۔ سید سردار علی شاہ
وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ کا کراچی میٹرک بورڈ امتحان میں نمایاں پوزیشن لینے والے طالب علم اور طالبات کے لیے انعامات کا اعلان
پہلی پوزیشن لینے والے طالب علم عبدالرافع کے اعلیٰ تعلیم مکمل ہونے تک اخراجات اٹھائے جائیں گے۔ سید سردار علی شاہ
کراچی (20 اکتوبر 2024) وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کراچی میٹرک بورڈ امتحانات میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے کہا ہے کہ 28 سال بعد سرکاری اسکول کے طالب علم کی پوزیشن حاصل کرنا ایک مثبت شروعات ہے، متوسط طبقات سے تعلق رکھنے والے طالب علم اور طالبات نے یہ ثابت کردیا ہے چیلینجز کے باوجود اپنی صلاحیتیں دکھانے کے لئے آسائشوں کا ہونا ضروری نہیں۔ یہ بات انہوں نے آج دہلی اسکول اولڈ بوائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کراچی میٹرک بورڈ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلب علم عبدالرافع اور دیگر نمایان پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کے اعزاز میں منعقد کی گئی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کے دوران خطاب کرتے ہوۓ کی۔
کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج نارتھ ناظم آباد کے آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی تقریب میں وائس چانسلر کراچی میٹرو پولیٹن یونیورسٹی ڈاکٹر وسیم قاضی، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کراچی مرزا ارشد بیگ، ایسوسی ایشن کے سربراہ مسرور حسین وارثی، دہلی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری فرحت حیات، اسکول پرنسپل دہلی اسکول علی خان میرجت کے علاوہ طلبہ و طالبات، اساتذہ، تعلیمی افسران و دیگر نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا کہ “بچوں نے والدین کے ساتھ میرا بھی سر فخر سے بلند کیا ہے”، انہوں نے کہا کہ تعلیم کی بہتری کے لئے اپنی پارٹی کے ساتھ جو وعدہ میں نے کیا ہے اس حوالے سے آنے والی مثبت خبروں سے انہیں اطمینان کا احساس ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ذمہ داری دیتے ہوۓ پوچھا کہ پہلا کام کیا کرو گے؟ میں نے چیئرمین سے کہا تھا کہ اپنی بیٹی کو سرکاری اسکولز میں داخل کروں گا، اپنے اسکولوں کو اون کرنا اپنی ذمہ داری کے طور پر میرا پہلا مقصد تھا۔ سید سردار علی شاہ نے کہا کہ سرکاری اسکول کے بچے نے پوزیشن حاصل کر کے ایک مثال قائم کی ہے، تاریخ گواہ ہے اس خطے کے لوگوں نے اسکول قائم کیے اور ان کی محبت و محبت سے قائم کردہ اسکول آج بھی قائم ہیں، سند مدرسہ اسکول، نور محمد ہائی اسکول، ڈی جے سائنس کالج، ڈائو یونیورسٹی جیسے ادارے یہاں کے لوگوں نے بناۓ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اسکولوں سے تعلیم کے بعد اپنے اسکول کو یاد رکھنے والے طلبہ کی کاوشوں کو وہ سراہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مفت تعلیم کے آئینی وعدے کے باوجود بچے پیسے دے کے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ان اسکولوں کو اپنا اور یاد رکھنا ہوگا جن اسکولوں میں غریبوں کے بچے پڑھ رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ تعلیم روزگار دینے کا ذریعہ نہیں ہے، اساتذہ ایمانداری کے ساتھ بچوں کو پڑھائیں، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے آنے والی تجویز پر اسکول کو گود لینے کے لیے منتخب نمائندوں کو خط لکھا، خوشی ہے، منتخب نمائندوں نے اسکول اون کرنا شروع کردیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ پرائیویٹ اسکول کے خلاف نہیں مگر والدین کے حق میں ضرور ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ ان پرائیویٹ اسکولوں کا ساتھ دیں گے جو بچوں کے ساتھ ان کے والدین کا بھی خیال رکھتے ہیں، اس موقع پر صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے کراچی میٹرک بورڈ امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم حفظ عبدالرافع کے لئے دو لاکھ، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی الخلیل اسکول کی طالبہ رومیسہ عمران کے لیے ڈیڑھ لاکھ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی لٹل فوکس اسکول کی طالبہ رخسار سومرو کے لئے ایک لاکھ روپے کے انعام دینے اور حافظ عبدالرافع کے اعلیٰ تعلیم تک اخراجات اٹھانے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر کراچی میٹرو پولیٹن یونیورسٹی ڈاکٹر وسیم قاضی نے کانٹینٹ انرچمینٹ کی ضرورت پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آن لائین ایسے پلیٹ فارمز بنانے چاہیں جہاں سے اربن سینٹرز کے علاوہ رورل ایریاز کے طالب علموں کو ایک ہی سطح کا مواد دستیاب ہو سکے، اداروں کو ریسورسز کی بنیاد پر مستحکم کرنا کی اہمیت پر بھی بات کی۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کے والد محمد طارق، جو دہلی اسکول میں استاد بھی ہیں، نے کہا کہ والدین کا اعتماد بچوں کے ساتھ ساتھ گورنمیٹ اسکولز پر بھی ہونا چاہیے، گورنمینٹ اسکولز میں نئی بھرتیوں کے بعد مزید قابل استاد آ چکے ہیں، جس سے تعلیم کا معیار اور بھی بہتر ہوگا۔ تقریب سے دہلی اسکول گرلز کیمپس سینئر ٹیچر میڈم ثروت کے علاوہ ایسوسی ایشن کے سربراہ مسرور حسین وارثی، دہلی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری فرحت حیات، اسکول پرنسپل دہلی اسکول علی خان میرجت، سابق طالب عام سید عمار بابر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
بعد ازاں دہلی اسکول اولڈ بوائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو ساڑھے تین لاکھ روپے جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو 25 ، 25 ہزار روپے کے چیکس بھی دیے گئے۔