کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی پر وفاقی حکومت اپنی بے بسی کی وجہ بتائے۔ ایم کیو ایم پاکستان
اگر بجلی کی پیداوار کم ہے تو پھر فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر جو اربوں روپے بٹورے جارہے ہیں وہ کس کی جیب میں جارہے ہیں؟ ایم کیو ایم پاکستان
کے الیکٹرک نے شدید گرمی میں گھنٹوں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس سے عوام ذہنی اذیت سے دوچار ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان کا کراچی میں شدید گرمی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر کے الیکٹرک کی کارکردگی پر سوال اُٹھائے ہوئے کہنا تھا کہ شہر میں توانائی کے ترسیلی نظام کے زمہ دار ادارے نے کراچی والوں کی زندگی اجیرن کرکے رکھ دی ہے۔ کے-الیکٹرک نے شدید گرمی میں گھنٹوں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ جس سے عوام ذہنی اذیت سے دوچار ہے، جن علاقوں سے 100 فیصد بلنگ ہوتی ہے وہاں بھی روزانہ کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
ترجمانِ ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ اگر بجلی کی پیداوار کم ہے تو پھر فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر جو اربوں روپے بٹورے جارہے ہیں وہ کس کی جیب میں جارہے ہیں؟ کے-الیکٹرک بلوں میں مختلف اقسام کی ایڈجسٹمنٹ کے نام پر کراچی والوں کو لُوٹ رہی ہے۔ ترجمانِ ایم کیو ایم پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ کے-الیکٹرک کراچی کے شہریوں پر بدترین ظلم کر رہی ہے مگر کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ ادارے کے خلاف شکایات پر وفاقی حکومت کوئی ایکشن نہیں لے رہی ہے، کے-الیکٹرک کی ہٹ دھرمی پر حکومت اپنی بے بسی کی وجہ بتائے۔
وزیراعظم شہباز شریف بتائیں کہ ہم کے-الیکٹرک کی شکایات لیکر کس کے پاس جائیں؟ وفاقی حکومت کے الیکٹرک نامی چھری سے اُس گائے کا گلا کاٹ رہی ہیں جس کے دودھ سے پورا ملک پلتا ہے، اپنے جاری کردہ بیان میں ترجمانِ ایم کیو ایم پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی والے پرامن لوگ ہیں مگر انہیں بے وقوف نہ سمجھا جائے کراچی میں تنخواہ دار طبقہ بڑھتی مہنگائی، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور بڑھتے ہوئے ٹیکس سے تنگ آچُکا ہے، جب ظلم کے خلاف شکایات پر کوئی سنوائی نہیں ہوگی تو عوامی ردِعمل آئے گا جس کے آگے پُل باندھنا حکومت کے بس میں نہیں ہوگا۔