Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

حکومت مشکل حالات سے گزرنے والی خواتین کی مدد کے لیے پرعزم ہے۔ شاہینہ شیر علی

وزیر برائے ترقی نسواں سندھ شاہینہ شیر علی نے سکھر اور حیدرآباد میں وومن کمپلیکس، خواتین جیل اور دارالامان کا دورہ کیا۔

0

حکومت مشکل حالات سے گزرنے والی خواتین کی مدد کے لیے پرعزم ہے۔ شاہینہ شیر علی

سندھ : صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں سندہ شاہینہ شیر علی کا سکھر و حیدرآباد میں وومن کمپلیکس، جیل اور دارالامان کا دورہ، خواتین میں عید گفٹ تقسیم، ورکنگ وومن ہاسٹل کے قیام کا اعلان۔ وزیر برائے ترقی نسواں سندھ شاہینہ شیر علی نے سکھر اور حیدرآباد میں وومن کمپلیکس، خواتین جیل اور دارالامان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے خواتین کے مسائل سنے، سہولیات کا جائزہ لیا اور خواتین و بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کیے۔

سکھر میں وومن کمپلیکس، جیل اور دارالامان کا دورہ

وزیر نے وومن کمپلیکس سکھر کا دورہ کرتے ہوئے سیف ہاؤس اور وومن کمپلین سیل کا جائزہ لیا۔ افسران نے انہیں ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دی، جس پر وزیر نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جلد ہی وومن کمپلیکس میں ورکنگ وومن ہاسٹل قائم کیا جائے گا تاکہ ملازمت پیشہ خواتین کو محفوظ اور آرام دہ رہائش فراہم کی جا سکے۔

بعد ازاں، وزیر نے سکھر جیل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے قیدی خواتین اور بچوں میں عید کے کپڑے، چوڑیاں اور تحائف تقسیم کیے۔ جیل سپرنٹنڈنٹ فرزانہ پروین بلوچ نے وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جیل میں 70 خواتین قیدی اور 13 کم عمر لڑکے موجود ہیں۔ وزیر نے قیدیوں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کی بحالی کے لیے ہر ممکن مدد کرے گی۔

انہوں نے دارالامان سکھر کا بھی دورہ کیا، جہاں انچارج شمع پروین اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالغفار تھہیم نے انہیں ادارے کی سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔ وزیر نے خواتین کو ہنر سکھانے کے کورسز کو سراہتے ہوئے ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

دارالامان حیدرآباد کا دورہ

بعد ازاں، وزیر نے دارالامان حیدرآباد کا بھی دورہ کیا، جہاں انچارج/ڈپٹی ڈائریکٹر خالدہ سومرو اور دیگر افسران نے وزیر کو ادارے کی کارکردگی اور سہولیات پر بریفنگ دی۔ وزیر نے خواتین کے مسائل غور سے سنے اور متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

وزیر نے کہا کہ حکومت مشکل حالات سے گزرنے والی خواتین کی مدد کے لیے پرعزم ہے اور دارالامان میں مزید بہتری لانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے تمام اداروں کے عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی بحالی کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی

Comments
Loading...