ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کا حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر شدید غم و غصے کا اظہار
اہل فلسطین نے دنیا بھر کے مسلمانوں خصوصاً اسلام کے نام نہاد کرتا دھرتاؤں پر یہ ثابت کردیا کہ انبیاء کی وراثت بیت المقدس کے دفاع کیلئے فلسطین کے بچے سے لیکر اعلیٰ قیادت سب اپنی جان تک دینے کو تیار ہیں، ایم کیو ایم
ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کا حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر شدید غم و غصے کا اظہار
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی قیادت کا حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر شدید غم و غصے کا اظہار، اپنے مذمتی بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ فلسطین کے مسلمانوں نے دنیا بھر کے مسلمانوں خصوصاً اسلام کے نام نہاد کرتا دھرتاؤں پر یہ ثابت کردیا کہ انبیاء کی وراثت بیت المقدس کے دفاع کیلئے فلسطین کے بچے سے لیکر اعلیٰ قیادت تک سب اپنی جان تک دینے کو تیار ہیں اہلِ فلسطین کا یہ جذبہ خراج تحسین پیش کیئے جانے کا مستحق ہے،
اُنہوں نے مزید کہا کہ اسماعیل ہانیہ کا ایران میں بیہیمانہ قتل اقوامِ عالم اور امن کے ٹھیکیداروں کے منہ پر زوردار طمانچے کے مترادف ہے اور یہ ثابت ہوگیا کہ یہ لڑائی فلسطین اور اسرائیل کی نہیں بلکہ اسرائیل بطور ناجائز و عالمی دہشت گرد ریاست کے کسی بھی حد جاسکتا ہے اسرائیل کی دشمنی صرف اہل فلسطین کے ساتھ نہیں بلکہ وہ پوری دنیا میں بسنے والے مسلمانوں کی نسل کشی کرکے اپنے ناپاک عزائم کو عملی جامہ پہنانا چاہتا ہے،
اسرائیل کی جانب سے روا بدترین مظالم اور درندگی بھی فلسطینیوں کے جذبۂ ایمانی کو کمزور نہیں کر سکتے، ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں فلسطین کے مسلمانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔