جلوس کی گزر گاہوں پرسڑکوں کی تعمیر،روشنی کے خصوصی انتظامات،تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا۔محمد یوسف
محرم الحرام کے مقدس مہینے میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری۔
منتخب بلدیاتی نمائندے عزاداران حُسین کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ممکن بنا رہے ہیں۔محمد یوسف
کراچی: منتخب بلدیاتی نمائندے عزاداران حُسین کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ممکن بنا رہے ہیں۔محرم الحرام کے مقدس اور بابرکت مہینے میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔نیو کراچی ٹاؤن میں ماتمی جلوس کی گزر گاہوں پر سڑکوں کی تعمیر کا عمل مکمل کر لیا گیا۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ نیو کراچی پانچ نمبر سے لیکر تین نمبر تک4000 روڈ کی تعمیر کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر منتظمین امام بارگاہ،مجالس و جلوس کمیٹی کے اراکین،یونین کمیٹی نمبر 07 اور 09 کے ذمہ داران،سپرٹینڈنگ انجینئر اشفاق حُسین،انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر،انجینئر بی اینڈ آر صفدر، انجینئر ساجد صدیقی،ڈائریکٹر انکروجمنٹ عبید الرحمن،ڈپٹی ڈائریکٹر ریسکیو کامران اختر،پبلک ریلیشن آفیسر نیو کراچی ٹاؤن عقیل اختر ودیگر افسران اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس مہینے میں تمام مسالک کے علماء کرام باہمی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دیں،مسلمان اپنے عقائد کے مطابق امام حُسین کو خراج تحسین پیش کریں اور اُن کی اسلام کی بقا ء کے لئے پیش کی گئی عظیم شہادت کو یاد کرکے اپنی عقیدت کا اظہار کریں کیونکہ واقعہ کربلا حق اور باطل کی جنگ تھی اس میں حق کو فتح حاصل ہوئی اور باطل ہمیشہ کے لئے مٹ گیا۔چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں میں نیو کراچی ٹاؤن میں اتنا کا م نہیں ہوا جتنا کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں نے حالیہ دور میں کرایا ہے انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے 12 اجڑے ہوئے پارکوں میں تزین و آرائش کے کام کئے جارہے ہیں جو اگلے ماہ مکمل کر لئے جائیں گے اور ان پارکوں کو عوم کے لئے کھول دیا جائے گا۔جہاں اہلیان نیو کراچی ٹاؤن اپنی فیملیز کے ہمراہ فرصت کے لمحات کو بہتر طور پر گزاریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے نمائندوں پر نیو کراچی ٹاؤن کی عوام نے بھروسہ کیا ہے اور ان کے نمائندوں کو منتخب کیا آج ہم اپنی عوام کے ساتھ شانہ با شانہ کھڑے ہیں اور عوام کے مسائل کو خصوصی توجہ کے ساتھ حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں عوام کی خدمت ہی ہمارا منشور ہے اور ہم عوام کے بھروسے پر انشاء اللہ پورا اُتریں گے۔انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے افسران نیک نیتی کے ساتھ عوام کے مسائل کو حل کررہے ہیں لیکن یہ بات مخالفین کو پسند نہیں آرہی ہے جس کی بنا پر محکمہ انٹی کرپشن نیو کراچی ٹاؤن کے افسران کو حراساں کررہا ہے انٹی کرپشن کے افسران نیو کراچی ٹاؤن کے مخلص اور محنتی افسران کو تنگ کرنا چھوڑ دیں ورنہ ہم جمہوری طریقے سے ان کا مقابلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے ماہِ محرم سے قبل ہی نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ کے ساتھ مساجد وامام بارگاہوں کے منتظمین،جلوس و مجالس کمیٹی کے اراکین و دیگر مسالک کے علماء کرام سے مشاورتی ملاقات کی تھی جس میں نیو کراچی ٹاؤن میں موجود مسائل کے حوالے سے آگاہی حاصل کی گئی چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے ان مسائل کے فوری حل کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی اور الحمداللہ آج نیو کراچی ٹاؤن میں موجود مسجد و امام بارگاہوں کے اطراف،جلوس کی گزر گاہوں پرسڑکوں کی تعمیر،روشنی کے خصوصی انتظامات،تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا۔