سندھ حکومت فی الفور معاملے کی شفاف تحقیقات کرکے ورثاء کی دادرسی کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنائے۔ متحدہ ترجمان
جماعت المنافقین سوائے ڈھنڈورا پیٹنے کے کبھی کچھ کر نہیں سکتی۔ ایم کیو ایم ترجمان
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے مین ہول میں گر کر معصوم بچے کی ہلاکت کے دل خراش واقعے کو اٹھارہ سالہ بدترین بدعنوان متعصب طرزِ حکمرانی کا شاخسانہ قرار دے دیا۔
اپنے جاری کردہ مذمتی بیان میں متحدہ ترجمان نے کہا کہ متعصبانہ طرز عمل نے کبھی ڈمپر کے نیچے کچلے جانا کبھی نالوں اور کھلے مین ہولز میں گر کر مرنا کراچی کے باشندوں کے نصیب میں لکھ دیا گیا ہے، سالوں سے کھدا ہوا یونیورسٹی روڈ حادثات و اموات کی آماجگاہ بنا ہوا ہے جو صوبائی اور نام نہاد مقامی حکومت کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ایم کیو ایم ترجمان نے کہا کہ جماعت المنافقین سوائے ڈھنڈورا پیٹنے کے کبھی کچھ کر نہیں سکتی نو ٹاؤنز میں چیئرمین ہونے کے باوجود حادثے کی ذمّہ داری لینے سے گریزاں ہو کر بلیم گیم شروع کرنا جماعت اسلامی کی اعلیٰ درجے کی منافقت کو عیاں کر رہا ہے مذہب کارڈ کھیلنے والی جماعت اسلامی کی تاریخ مکاری اور شاطر پن سے عبارت ہے، مسترد شدہ جماعتیں واقعے پر سیاسی بیان بازی کرکے کبوتر کی طرح آنکھ بند کرکے اصل خطرے سے نگاہ چرا رہی ہیں۔
ایم کیو ایم ترجمان نے مزید کہا کہ سندھ حکومت فی الفور معاملے کی شفاف تحقیقات کرکے ورثاء کی دادرسی کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنائے۔