چیئرمین ایم کیو ایم کے فکری و نظریاتی پیغام کے مطابق تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال بناتے ہوئے عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیز کریں گے۔ ڈاکٹر فاروق ستار
ایم کیو ایم پاکستان فیڈرل بی ایریا ٹاؤن کا جنرل ورکرز اجلاس، تنظیم نو کا اعلان، کارکنان کا زبردست جوش و خروش
تنظیمی نظم و ضبط، یکجہتی اور عوامی خدمت ایم کیو ایم کی اصل طاقت ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان فیڈرل بی ایریا ٹاؤن کا جنرل ورکرز اجلاس مقامی پارک میں منعقد ہوا جس میں سینئر مرکزی رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار، سید امین الحق اور دیگر مرکزی رہنماؤں سمیت فیڈرل بی ایریا ٹاؤن کے ذمہ داران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اجلاس میں ٹاؤن کی تنظیم نو کا باضابطہ اعلان کیا گیا اور نئی ٹاؤن کمیٹی میں ٹاؤن آرگنائزر ذیشان حیدر، جوائنٹ ٹاؤن آرگنائزر سید عاطف علی، زوہیب خان اور اراکینِ ٹاؤن کمیٹی شامل ہیں۔
سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیمی نظم و ضبط، یکجہتی اور عوامی خدمت ایم کیو ایم کی اصل طاقت ہے، آج ہم ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ چیئرمین ایم کیو ایم کے فکری و نظریاتی پیغام کے مطابق تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال بناتے ہوئے عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیز کریں گے۔
اجلاس میں تنظیمی امور، عوامی رابطہ مہمات اور علاقائی مسائل کے حل سے متعلق تفصیلی مشاورت کی گئی، رہنماؤں نے ذمہ داران و کارکنان کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان عوام کی واحد نمائندہ جماعت ہے جو ہر سطح پر شہریوں کے حقوق کی جدوجہد کر رہی ہے۔
اجلاس کے دوران کارکنان نے قیادت کے فیصلوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور پارٹی کو مزید مضبوط و مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں سینٹرل آرگنائزنگ اینڈ کوارڈینیشن کمیٹی کے ارکان سید شکیل احمد، ارشاد ظفیر، شریف خان، ارشد حسن، کامران فاروقی، ایم پی اے عادل عسکری سمیت دیگر رہنماؤں بھی موجود تھے۔