ماہِ رمضان کے دوران سندھ میں آٹے کی کسی بھی قسم کی قلت نہیں ہونی چاہیے۔ صوبائی وزرا
سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے گندم پالیسی کا اہم اجلاس صوبائی وزیر خوراک سندھ مخدوم محبوب الزمان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
کراچی : سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے گندم پالیسی کا اہم اجلاس صوبائی وزیر خوراک سندھ مخدوم محبوب الزمان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں صوبائی وزرا سردار محمد بخش مہر، جام خان شورو،مکیش کمار چاولہ،مشیر گیانچند ایسرانی، معاونِ خصوصی عبدالجبار خان، چیئرمین اینٹی کرپشن سید ذوالفقار علی شاہ، سیکریٹری محکمہ خوراک اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سیکریٹری خوراک نے صوبے میں سبسڈی پر فلور ملز کو گندم کی فراہمی اور دیگر اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ سب کمیٹی کی جانب سے دی گئی تجاویز سندھ کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔ سندھ کی گندم کو دیگر صوبوں میں جانےسےروکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیےجائیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ حکومت کودیگر ڈویژنوں کے مقابلے میں کراچی کے لیے زیادہ مقدار میں گندم درکار ہوتی ہے۔ سندھ حکومت کے پاس گندم کا وافرذخیرہ موجودہے۔
صوبائی وزرا نے کہا کہ ماہِ رمضان کے دوران سندھ میں آٹے کی کسی بھی قسم کی قلت نہیں ہونی چاہیے۔ کیونکہ رمضان المبارک میں آٹے کی طلب میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔
سیکریٹری خوراک سندھ نے کہا کہ کراچی کے لیے 15 ہزار بیگز مختص کیے گئے ہیں، اور ماہِ رمضان میں آٹے کی قلت کا کوئی امکان نہیں ہے۔