Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

لائنوں کی تنصیب سے واٹر اینڈ سیوریج لائنیں متاثر ہورہی ہیں جس کی وجہ سے عوام سخت اذیت کا شکار ہیں۔وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی ہدایت پرکراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اورسوئی گیس کمپنی کے ذمہ داران اور کنٹریکٹر کا اجلاس طلب۔

0

کھدائی کے دوران متاثرہ واٹر اینڈ سیوریج لائنوں کی فوری مرمت کی جائے۔وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر

کراچی ( )نیو کراچی ٹاؤن میں سوئی سدرن گیس لائنوں کی تنصیب سے عوام کی پریشانیوں میں اضافہ۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی ہدایت پرکراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اورسوئی گیس کمپنی کے ذمہ داران اور کنٹریکٹر کا اجلاس طلب۔وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں یوسی چیئرمینز یوسی وائس چیئرمینز،وارڈ کونسلرز،انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر، بی اینڈ آر آئی سی نادر خان،سوئی سدرن گیس کمپنی کے اے ای عمار نقوی،شہزاد خان،عبدالحمید،اور واٹر بورڈ ای ایکس این نواز احمد کے ساتھ دیگر افسران بھی موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق نیو کراچی ٹاؤن میں سوئی سدرن گیس لائنوں کی تنصیب کے لئے کی جانے والی کھدائی سے واٹر اینڈ سیوریج کی لائنیں متاثر ہورہی ہیں جس کی وجہ سے پینے کے پانی کی فراہمی متاثر ہورہی ہے جبکہ متاثرہ سیوریج لائنوں کی وجہ سے گلیوں اور مین شاہراہوں پر گندہ پانی جمع ہوگیا ہے جس سے عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے عوام کی پریشانیوں اور شکایات پر سوئی سدرن گیس کمپنی اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ذمہ داران اور کنٹریکٹر کا اجلاس طلب کرلیا۔

وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ گیس لائنوں کی تنصیب سے واٹر اینڈ سیوریج لائنیں متاثر ہورہی ہیں جس کی وجہ سے عوام سخت اذیت کا شکار ہیں۔سوئی سدرن گیس کمپنی نے جب لائنوں کی تنصیب کا پرپوزل دیا تھا جب ہی یہ بات طے ہوئی تھی کہ اندرونی گلیوں میں مشینری استعمال نہیں کی جائے گی اور مینول لیبر سے کھدائی کا عمل مکمل کیا جائے گا اور حالت مجبوری اگر کوئی واٹر اینڈ سیوریج کی لائن متاثر ہوتی ہے تو فوری ان کی مرمت یا تبدیلی کا کام کیا جائے گا مگر افسوس عوام کی بنیادی سہولیات متاثر ہورہی ہیں اور لائنوں کی مرمت کا کام بھی سست رفتاری سے کیا جارہا ہے جس سے علاقوں میں گندے پانی کے اجتماع نظر آرہے ہیں۔عوام کی شکایات میں کمی آنے کے بجائے اضافہ ہورہا ہے ہم عوام کے بلدیاتی نمائندے ہیں اور عوام کی پریشانیوں میں اُن کے ساتھ کھڑے ہیں،عوامی خدمت کے ادارے اگر اپنا کام طریقے سے کریں تو عوام کو جلد ریلیف مل سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے نمائندے خدمت کے جذبے کے ساتھ عوامی مسائل کم کررہے ہیں اگر یہی جذبہ دوسرے ادارے بھی اختیار کرلیں تو انشاء اللہ نیو کراچی ٹاؤن کا شمارمسائل سے پاک خوبصورت ٹاؤن میں ہوگا۔ اس موقع پر سوئی سدرن گیس کمپنی کے وفد نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کو یقین دلایا کہ بلدیاتی نمائندوں کی رہنمائی سے جلد لائنوں کی تنصیب کا کام مکمل کرلیا جائے گا اور گیس لائنوں کی تنصیب کے دوران متاثر ہونے والی واٹر اینڈ سیوریج کی لائنوں کو فوری مرمت و تبدیل کیا جائے گا۔

Comments
Loading...