ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت بہادرآباد مرکز پر اہم اجلاس منعقد ہوا
سینیئر رہنما و مرکزی رہنما سمیت مرکزی شعبہ جات کے ذمہ داران اور حق پرست اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی کی شرکت
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر برائے تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں بہادرآباد مرکز پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم کیو ایم کے مرکزی شعبہ جات کے ذمہ داران اور حق پرست اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔
اجلاس میں شہری سندھ کے ترقیاتی پیکجز اور عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے رمضان المبارک کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ماہِ مقدس میں مرکز بہادرآباد کے اوقات کار دوپہر 2 بجے سے 5 بجے تک اور رات 8 بجے سے 10 بجے تک ہوں گے، تمام ذمہ داران ان اوقات میں اپنی حاضری کو ہر صورت یقینی بنائیں۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اراکینِ اسمبلی کو مزید ہدایت دی کہ رمضان المبارک کے دوران اپنے اپنے حلقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں اور مستحقین کی بھرپور مدد کی جائے۔
اجلاس میں اراکینِ اسمبلی نے کراچی اور حیدرآباد کے مختلف حلقوں کے دیرینہ مسائل کی نشاندہی بھی کی جس پر چیئرمین نے جلد از جلد اقدامات کرنے کی یقین دہانی کروائی۔