Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

عوام کو صاف ستھرا اور تعفن سے پاک ماحول کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ چیئرمین نصرت اللہ

گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ کا احسن اقدام، کچرے کو کمپیکٹ کرنے والی پہلی مشین نصب

0

کراچی: گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کی کوششوں سے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے گلبرگ ٹاؤن میں پہلی کچرا کمپیکٹر مشین نصب کر دی گئی ہے، جو کچرے کو کمپیکٹ کرنے کے بعد اسے لینڈ فل سائٹ تک منتقل کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

اس موقع پر میونسپل کمشنر حمیر احمد، سابق ٹاؤن ناظم فاروق نعمت اللہ، ڈائریکٹر سینیٹیشن وقار احمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق نصب کی جانے والی کمپیکٹر مشین میں کچرے کو کمپریس کرکے زیادہ مؤثر انداز میں منتقل کیا جا سکے گا۔ ایک کمپیکٹر میں تقریباً 22 ٹن تک کا کچرا کمپریس کیا جا سکتا ہے، جس سے کچرے کی منتقلی کے عمل میں آسانی پیدا ہوگی اور سڑکوں، گلیوں اور دیگر مقامات پر کچرے کے پھیلاؤ میں کمی آئے گی۔

گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ کے مطابق مجموعی طور پر گلبرگ ٹاؤن میں چار کچرا کمپیکٹر مشینیں نصب کی جائیں گی، جس سے صفائی کے نظام میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔ ان مشینوں کی تنصیب سے کچرے کو مناسب طریقے سے جمع، کمپیکٹ اور لینڈ فل سائٹ تک منتقل کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ شہریوں کو تعفن اور گندگی سے پاک صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے میں بھی معاونت حاصل ہوگی۔

چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ شہریوں کو بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور صاف ستھرا ماحول دینا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ محدود وسائل کے باوجود گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ دستیاب وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرتے ہوئے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ صفائی کے نظام میں بہتری کے لیے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے تعاون کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچرے کو صرف اٹھانا ہی کافی نہیں بلکہ اسے سائنسی اور مؤثر طریقے سے کمپیکٹ کرکے مقررہ لینڈ فل سائٹ تک پہنچانا بھی ضروری ہے۔ کمپیکٹر مشینوں کی تنصیب اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ چاروں مشینوں کی تنصیب مکمل ہونے کے بعد گلبرگ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور شہریوں کو ایک صاف، صحت مند اور بہتر ماحول میسر آئے گا۔

گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی، صفائی ستھرائی میں بہتری اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

Comments
Loading...