Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

پری انجینئرنگ میں کراچی بھر میں پہلی پوزیشن، گلبرگ ٹاؤن کے عبداللہ جمال کے اعزاز میں تقریب

پری انجینئرنگ میں کراچی بھر میں پہلی پوزیشن، گلبرگ ٹاؤن کے عبداللہ جمال کے اعزاز میں تقریب

0

کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلبرگ کی جانب سے تعلیم کے فروغ اور ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے پری انجینئرنگ میں کراچی بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے گلبرگ ٹاؤن بلاک 18، سمن آباد کے رہائشی اور آدمجی گورنمنٹ سائنس کالج کے طالب علم عبداللہ جمال کے اعزاز میں ٹاؤن آفس میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے عبداللہ جمال کی شاندار تعلیمی کامیابی کو سراہتے ہوئے انہیں لیپ ٹاپ اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور ان کے والدین و اہل خانہ کو بھی مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ عبداللہ جمال نے اپنی محنت، لگن اور صلاحیتوں کے ذریعے کراچی بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے نہ صرف اپنے والدین بلکہ اپنے علاقے اور گلبرگ ٹاؤن کا نام بھی روشن کیا ہے۔ ایسے ہونہار اور باصلاحیت طلبہ قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمٰن کے وژن کے مطابق گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ٹاؤن کی جانب سے تعیلم کارڈ سمیت مختلف تعلیمی اقدامات بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں، جن کا مقصد طلبہ کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا اور ان کی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

نصرت اللہ نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کے لیے مختلف اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہمارا مقصد ہے کہ محنت اور قابلیت رکھنے والے طلبہ کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

اس موقع پر عبداللہ جمال نے اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ اور ٹاؤن انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن کی جانب سے ملنے والی حوصلہ افزائی ان کے لیے باعثِ مسرت ہے اور اس سے انہیں مستقبل میں مزید محنت کرنے کا حوصلہ ملا ہے۔
میونسپل کمشنر گلبرگ حمیر احمد نے عبداللہ جمال کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پری انجینئرنگ میں کراچی بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا ایک قابلِ فخر کامیابی ہے۔ عبداللہ جمال نے اپنی محنت، مستقل مزاجی اور تعلیمی صلاحیتوں سے ثابت کیا ہے کہ ہمارے نوجوان بھرپور محنت اور توجہ کے ساتھ تعلیم حاصل کریں تو نمایاں کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی دراصل مستقبل کی نسل کی حوصلہ افزائی ہے۔ گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق اقدامات جاری رکھے گی۔ عبداللہ جمال جیسے طلبہ ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں اور ان کی کامیابی دوسرے طلبہ کے لیے بھی محنت، عزم اور آگے بڑھنے کا پیغام ہے۔

حمیر احمد نے عبداللہ جمال، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اسی محنت اور لگن کے ساتھ کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

تقریب میں وائس چیئرمین محمد الیاس، میونسپل کمشنر حمیر احمد،سابق ٹاؤن ناظم فاروق نعمت اللہ، ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد ندیم حنیف، ڈائریکٹر ایڈمن محمد علی، دیگر محکمہ جاتی افسران اور عبداللہ جمال کے والدین و اہل خانہ نے شرکت کی۔

Comments
Loading...