سندھ میں پہلی بار ایک خاتون رکن اسمبلی کا قائد حزب اختلاف مقرر ہونا ایک تاریخی موقع ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
ایم کیو ایم نے ایک بار پھر تاریخ رقم کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ ایک روایت شکن سیاسی جماعت ہے،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
سندھ میں پہلی بار ایک خاتون رکن اسمبلی کا قائد حزب اختلاف مقرر ہونا ایک تاریخی موقع ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف منتخب ہونے پر حق پرست رکن سندھ اسمبلی محترمہ رعنا انصار کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں پہلی بار ایک خاتون رکن اسمبلی کا قائد حزب اختلاف منتخب ہونا کسی انقلاب سے کم نہیں ہے۔ بلکہ یہ ایک تاریخی موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ایک بار پھر تاریخ رقم کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ ایک روایت شکن سیاسی جماعت ہے جس پر ایم کیو ایم کا ایک ایک کارکن اور سندھ کے حق پرست عوام کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ پچھلے 15 سالوں سے سندھ پر ایک متعصب نسل پرست سیاسی جماعت قابض ہے جو شہری سندھ کے عوام کے ساتھ مسلسل زیادتی، ناانصافی اور تعصب کر رہی ہے۔
اس صوبے میں جمہوریت کی شکل یہ ہے کہ جس جماعت کے پاس شہری سندھ کا مینڈیٹ ہی نہیں ہے وہ اب شہروں کی بلدیاتی حکومتوں پر بھی قابض ہوگئی ہے اور عوام کے مسترد شدہ لوگ عوامی نمائندوں کے منصب پر قبضہ کرکے بیٹھ گئے ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان سندھ میں عام انتخابات سے قبل ایک غیر جانبدار نگراں حکومت کا قیام چاہتی ہے جو سندھ میں شفاف انتخابات کا قیام یقینی بنا سکے تاکہ عوام کی نمائندگی پر دوبارہ کوئی قبضہ نہ کر سکے اور اس کیلئے نو منتخب قائد حزب اختلاف اپنا کردار ادا کریں گی۔