جشن ِعید میلادالنبیؐ کے انتظامات کے حوالے سے آرٹس کونسل نیو کراچی میں علماء کرام سے مشاورتی اجلاس کا انعقاد
اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول ؐ سے ہوا،
جشن ِعید میلادالنبیؐ کے انتظامات کے حوالے سے آرٹس کونسل نیو کراچی میں علماء کرام سے مشاورتی اجلاس کا انعقاد
کراچی : چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی زیر صدارت جشن ِعید میلادالنبیؐ کے انتظامات کے حوالے سے آرٹس کونسل نیو کراچی میں علماء کرام سے مشاورتی اجلاس کا انعقاد۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول ؐ سے ہوا۔
اجلاس میں کو ٹرانزیشن آفیسر بلدیہ وسطی شمعونہ صدف نے معزز علماء کرام اور دیگر مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اجلاس میں جشن ِعید میلادالنبیؐ کے حوالے سے کئے جانے والے انتظامات کا حتمی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پروائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، کو ٹرانزیشن آفیسر بلدیہ وسطی شمعونہ صدف،ٹاؤن میونسپل کمشنر صائم عمران،علماء کرام، منتظمین محفل نعتؐ اور جلوس کمیٹی کے اراکین،ڈائریکٹر سینی ٹیشن ندیم حیدر،ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن نیو کراچی اسلم بیگ،ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن نارتھ کراچی محمد علی،ڈپٹی ڈائریکٹر پارک آفتاب احمد، انچارج ایم اینڈ ای عرفان،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران،یونین کمیٹی کے چیئرمینز و وائس چیئرمینز و دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ عید میلادالنبیؐ مسلمانوں کے لئے اہمیت کا حامل دن ہے کیونکہ کہ بارہ ربیع اوّل کے دن آقا ئے دو جہاں سرور کائنات ؐ دنیا میں تشریف لائے،مسلمان اس دن کو مذہبی جذبے اور عقیدت سے مناتے ہیں۔
نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ علماء کرام اور منتظمین جلوس و محفل نعتؐ کمیٹی کے اراکین کی مشاورت سے نیو کراچی ٹاؤن میں عاشقانِ رسول ؐ کو ماہ ربیع الاول میں ہر ممکنہ بلدیاتی سہولیات فراہم کرے گی،اس سلسلے میں مساجد و امام بارگاہ، محفل حمد و نعتؐ کی جگہوں پر خصوصی صفائی اور روشنی کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔
واضع رہے کہ نیو کراچی ٹاؤن میں جشنِ عید میلادالنبیؐ مذہبی جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے اور نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں ذکر رسولؐ، حمد و نعت ؐ کی محفلیں منعقدکی جاتی ہیں جس میں عاشقانِ رسول ؐ کی بڑی تعداد شریک ہوتی ہے