Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

ایک متحرک، آزاد میڈیا ایک شفاف اور جوابدہ حکومت کے لیے بہت ضروری ہے۔ شرجیل انعام میمن

سندھ حکومت کے اقدامات پاکستان بھر کے صوبوں کے لیے ایک ماڈل کے طور پر کام کرتے ہیں، مظہر سعید شاہ

0

ایک متحرک، آزاد میڈیا ایک شفاف اور جوابدہ حکومت کے لیے بہت ضروری ہے۔ شرجیل انعام میمن

کراچی : سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے آزاد جموں کشمیر کے وزیر اطلاعات مظہر سعید شاہ کی ملاقات۔ دونوں وزراء کی جانب سے قومی مسائل ، آزاد جموں و کشمیر اور سندھ کے معاملات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال۔ آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات مظہر سعید شاہ کے ساتھ مولانا اعجاز محمود، ملک آصف رضا ، حسن عاصم ، محمد ارقم شاہ اور ولی اللہ پر مشتمل وفد نے بھی سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ملاقات کی۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وفد کو پاکستان پیپلز پارٹی اور حکومت سندھ کی جانب سے صحافیوں کے لئے کئے گئے اقدامات سے متعلق آگہی دی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ میڈیا اور اظہار رائے کی آزادی محض ایک اصول نہیں ہے, جمہوریت کا بنیادی جز ہے۔ میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں کے بلا خوف و خطر آزادی سے کام کرنے والے ماحول کی فراہمی حکومت سندھ کا عزم ہے۔ ایک متحرک، آزاد میڈیا ایک شفاف اور جوابدہ حکومت کے لیے بہت ضروری ہے۔ حکومت سندھ میڈیا انڈسٹری میں طویل المدتی ترقی کو فروغ کے لئے کوشاں رہی ہے۔ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ ، آزادی اظہار کو یقینی بنانا شہید بی بی، پیپلز پارٹی اور حکومت سندھ کا ویژن رہا ہے۔ حکومت سندھ پی پی پی کی قیادت کی رہنمائی میں، آزادی صحافت کو برقرار رکھنے اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ آزاد پریس جمہوری معاشرے کا ستون ہے ، طاقت کو جوابدہ بنانے کے لیے اظہار رائے کی آزادی بہت ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ نے صحافیوں ، میڈیا ورکرز اور میڈیا ہاؤسز کی مدد کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔

وزیر اطلاعات آزاد جموں کشمیر محمد مظہر سعید شاہ کی جانب سے صحافی برادری کے لئے حکومت سندھ کی کاوشوں کی تعریف۔

مظہر سعید شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کے اقدامات پاکستان بھر کے صوبوں کے لیے ایک ماڈل کے طور پر کام کرتے ہیں۔ حکومت سندھ کے اقدامات نہ صرف صحافیوں کو فائدہ پہنچاتے ہیں بلکہ میڈیا اداروں کی ساکھ اور لچک کو بھی تقویت دیتے ہیں۔ کشمیر معاملے پر پیپلز پارٹی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا موقف بلکل واضح اور تاریخی رہا ہے۔ وزیر خارجہ کے طور پر بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی سرزمین پر جس طرح کشمیر کا معاملہ اٹھایا وہ ایک تاریخی کام تھا۔

وزیر اطلاعات آزاد جموں کشمیر مظہر سعید شاہ نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو کشمیری چائے کا تحفہ پیش کیا۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے مہمان وزیر اطلاعات آزاد جموں کشمیر مظہر سعید شاہ اور وفد کے دیگر ارکان کو سندھی اجرک اور سندھی ٹوپی کا تحفہ پیش کیا۔

Comments
Loading...