Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

ملک بھر میں کھیلوں سے وابستہ بچے، بچیاں اور نوجوانوں کو چاہے وہ کسی بھی کھیل سے وابستہ ہوں۔ سعید غنی

سعید غنی نے کہا ہے کہ نیشنل گیمز 2025 کا صوبہ سندھ میں 18 سال کے بعد انعقاد خوش آئند ہے۔

0

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ نیشنل گیمز 2025 کا صوبہ سندھ میں 18 سال کے بعد انعقاد خوش آئند ہے۔ اس وقت کراچی میں مختلف صوبوں سے آئے ہوئے 11 ہزار سے زائد مختلف کھیلوں کے کھلاڑی اس گیمز میں ہونے والے کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں ۔ نیشنل گیمز 2025 کی افتتاحی تقریب جس کا نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے افتتاح کیا ایک تاریخی اور یادگار تقریب تھی اور 13 دسمبر کو اس کی افتتاحی تقریب بھی ایک یادگار تقریب ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامیہ کلب کراچی میں 35 ویں نیشنل گیمز 2025 کے سلسلے میں ٹیبل ٹینس میچز کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سیکرٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افئیرز سندھ منور علی مہسر، چیئرمین سندھ ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن قمر علی گیلانی، پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے اعجاز علی، آرگنائزنگ سیکرٹری محسن رضا، سرور علی و دیگر نے شرکت کی اور صوبائی وزیر کی آمد پر ان کا استقبال کیا۔

سعید غنی نے کہا کہ آج کی اس افتتاحی تقریب میں مجھے آکر خوشی ہوئی ہے ۔ ٹیبل ٹینس کے اس ٹورنامنٹ میں جو 25 ویں نیشنل گیمز 2025 کے حوالے سے منعقد کیا جارہا ہے۔ اس میں خواتین کی 11 اور مردوں کی 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور اس میں چھوٹی بچیاں بھی حصہ لے رہی ہیں جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل گیمز کا انعقاد ایک اچھا سلسلہ ہے اور یہ 18 سال کے بعد سندھ میں منعقد ہورہا ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ یہ گیمز ہر سال منعقد ہونے چاہیے چاہے وہ ملک کے کسی بھی کونے میں ہوں، اس سے یہ فائدہ ہوگا کہ ملک بھر میں کھیلوں سے وابستہ بچے، بچیاں اور نوجوانوں کو چاہے وہ کسی بھی کھیل سے وابستہ ہوں ان کو مواقع فراہم ہوتے ہیں اور انہیں ملک اور دنیا بھر کے سامنے اپنے کھیل اور فن کو نکھارنے کا بھی موقع ملتا ہے اور اسی حوصلہ افزائی کے نتیجے میں یہ آگے بڑھتے ہیں اور دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کرکے پاکستان کا سر فخر سے بلند کرتے ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ نیشنل گیمز میں مختلف کھیلوں میں 11 ہزار سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، جو کراچی میں مختلف گراؤنڈز، اسپورٹس کمپلیکس اور کلبوں میں منعقد ہونے والے کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں اور ہمیں ان تمام کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کرنی چاہیے اور شہریوں کو بھی جس کھیل میں انٹرسٹ ہوں انہیں وہاں جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 13 دسمبر کو ان کھیلوں کے فائنل ہوں گے اور تمام ٹیمیں جو سن کھیلوں میں حصہ لے رہی ہیں تو پھر دیکھا جائے گا کہ کس ٹیم نے سب سے زیادہ گولڈ میڈلز لئے، سلور میڈلز یا براونس میڈلز لئے ہیں تو پھر سب سے زیادہ میڈلز لینے والی ٹیم سب کے سامنے آجائیں گی۔

سعید غنی نے کہا کہ اس موقع پر میں سندھ اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں کہ جنہوں نے اتنے بڑے ایونٹ کے لئے زبردست انتظامات کیے ہیں اور ہمارے صوبائی وزیر سردار احمد بخش مہر نے اس سلسلے میں بہت کاوشیں کی ہیں اور جیسا کہ گزشتہ روز آپ سب نے دیکھا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اس کا افتتاح چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کیا وہ ایک شاندار اور تاریخی تقریب تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں جن 11 ہزار کھلاڑیوں جن کا تعلق ملک بھر کے تمام صوبوں سے ہے اور ان کے آفیشلز کے لئے بھی یہ ایک تاریخی تقریب تھی۔

سعید غنی نے کہا کہ میں ایک بار پھر وزیر کھیل سندھ، سندھ حکومت اور اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کو اس نیشنل گیمز کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ 13 دسمبر تک یہ ایونٹ اسی طرح جاری رہے گا اور ہم ایک بار پھر 13 دسمبر کو اس کی اختتامی تقریب کو بھی ایک تاریخی تقریب بنائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے اعجاز علی نے سندھ حکومت کی جانب سے صوبہ سندھ میں نیشنل گیمز کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور اتنے بڑے پیمانے پر اسپورٹس کے انعقاد کو سراہا۔

تقریب میں ٹیبل ٹینس کے لیجنڈ کھلاڑیوں میں عارف خان، عارف ناخدا، سلیم احمد شیخ ،روبینہ عارف، سیما کلیم، نازو طاہر، زاہد دانے والا، محمد ناخدا سمیت دیگر کھلاڑی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر سعید غنی اور سیکرٹری اسپورٹس منور علی مہیسر کو چیئرمین سندھ ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن نے سندھ کی روائتی اجرک کا تحفہ پیش کیا اور انہیں شیلڈ پیش کی گئی۔

Comments
Loading...